پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور پانی پتی کی غزلیں — Anwar Panipati Ghazals

انور پانی پتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ کیسے جان گیا میں نے کچھ کہا بھی نہیں (غزل)

وہ کیسے جان گیا میں نے کچھ کہا بھی نہیں

اثر دعا میں نہیں ہے تو وہ دعا بھی نہیں

مری صدا کا یقیناً یہ واقعہ بھی نہیں

سکون دل کے لئے لب پہ اب دعا بھی نہیں

مری غزل میں اجالوں کا تذکرہ بھی نہیں

خیال ایسا کسی نے مجھے دیا بھی نہیں

بڑے خلیق پڑوسی تو ہیں محلے کے

مگر کسی کا کوئی درد جانتا بھی نہیں

یہ روشنی کی کرن کس طرح یہاں آئی

مرے مکان میں روزن کوئی بنا بھی نہیں

عجیب بات ہے محفل میں چھا گیا ہے سکوت

میں خوش گلو بھی نہیں اور خوش نوا بھی نہیں

نقوش زخم ہیں کتنے میں دیکھتا کیسے

نظر کے سامنے شفاف آئنہ بھی نہیں

چھیڑ کرتی چلی ہے نسیم سحر کھل گئی ہر کلی کی قبا دوستو (غزل)

چھیڑ کرتی چلی ہے نسیم سحر کھل گئی ہر کلی کی قبا دوستو

لالہ و گل کے بھی دل مچلنے لگے دیکھ کر یہ چمن کی فضا دوستو

کوئی نوخیز دوشیزہ لے کے چلی جب کبھی جام شعلہ نما دوستو

رونق مے کدہ خود بہ خود ہی بڑھی حشر سا ہو گیا اک بپا دوستو

ساز بجنے لگے گیت ڈھلنے لگے ساغر مے کے بھی دور چلنے لگے

مہ جمالوں نے زلفیں کہیں کھول دیں چھا گئی میکدے پر گھٹا دوستو

ان کے دل کش سے گلنار رخسار پر بکھرے بکھرے سے گیسو شکن در شکن

اور اس پر قیامت ہے ان کی ہنسی لب نے کی ہے مرے پھر خطا دوستو

خود بخود گلستاں میں کلی جب کھلی رات کی گود میں چاندنی ہنس پڑی

جھک گئی بہر سجدہ نسیم سحر ہے یہ آداب مہر و وفا دوستو

مزید غزلیں از انور پانی پتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں