پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آفتاب حسین کی غزلیں — Aftab Hussain Ghazals

آفتاب حسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بس ایک بات کی اس کو خبر ضروری ہے (غزل)

بس ایک بات کی اس کو خبر ضروری ہے

کہ وہ ہمارے لیے کس قدر ضروری ہے

دلوں میں درد کی دولت بچا بچا کے رکھو

یہ وہ متاع ہے جو عمر بھر ضروری ہے

نہیں ضرور کہ مقدور ہو تو ساتھ رکھیں

کبھی کبھار مگر نوحہ گر ضروری ہے

کبھی تو کھیل پرندے بھی ہار جاتے ہیں

ہوا کہیں کی بھی ہو مستقر ضروری ہے

یہ کیا ضرور کہ مست اپنے آپ ہی میں رہیں

ادھر ادھر کی بھی کچھ کچھ خبر ضروری ہے

مفر نہیں غم دنیا سے آفتاب حسینؔ

بہت کٹھن ہے یہ منزل مگر ضروری ہے

منافقت کا نصاب پڑھ کر محبتوں کی کتاب لکھنا (غزل)

منافقت کا نصاب پڑھ کر محبتوں کی کتاب لکھنا

بہت کٹھن ہے خزاں کے ماتھے پہ داستان گلاب لکھنا

میں جب چلوں گا تو ریگزاروں میں الفتوں کے کنول کھلیں گے

ہزار تم میرے راستوں میں محبتوں کے سراب لکھنا

فراق موسم کی چلمنوں سے وصال لمحے چمک اٹھیں گے

اداس شاموں میں کاغذ دل پہ گزرے وقتوں کے باب لکھنا

وہ میری خواہش کی لوح تشنہ پہ زندگی کے سوال ابھرنا

وہ اس کا حرف کرم سے اپنے قبولیت کے جواب لکھنا

گئے زمانوں کی درد کجلائی بھولی بسری کتاب پڑھ کر

جو ہو سکے تم سے آنے والے دنوں کے رنگین خواب لکھنا