انور نظامی جبل پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ اپنی کہنا نہ میری سننا کوئی سنے گا تو کیا کہے گا (غزل)
نہ اپنی کہنا نہ میری سننا کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
اکیلے رونا اکیلے ہنسنا کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
ڈھلک کے قدموں پہ آ کے گرنا یہ حالت بے خودی میں آنچل
خیال اتنا بھی اب نہ رکھنا کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
یہ بے جھجھک زلف کی بغاوت نگاہ و رخسار و لب پہ قبضے
سنورنے والوں کا یہ بکھرنا کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
سمجھ نہ سانسوں کو بوجھ اتنا اداس رہنا بھی خود کشی ہے
خود اپنی ہستی تباہ کرنا کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
کہو کہ اب آئے گی قیامت تمہیں نہیں ہے میری ضرورت
تمہارا یوں فیصلے سے ہٹنا کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
ڈھلکتے اشکوں کا راز کھولو بتاؤ کیا غم ہے کچھ تو بولو
ہمارے ہوتے اداس رہنا کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
ہزار چاہا منا لوں انورؔ مگر وہ اب تک خفا ہیں مجھ سے
قریب رہتے ہوئے نہ ملنا کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
عشق میں اتنا اثر ہو یہ ضروری تو نہیں (غزل)
عشق میں اتنا اثر ہو یہ ضروری تو نہیں
ان کو اب میری خبر ہو یہ ضروری تو نہیں
گامزن ہوں میں جہاں جوش جنوں میں اے دوست
وہ تری راہ گزر ہو یہ ضروری تو نہیں
اشک بھی میرے جلا سکتے ہیں دامن ان کا
صرف آہوں میں اثر ہو یہ ضروری تو نہیں
وقت آتا ہے تو پھولوں میں بسر ہوتی ہے
عمر کانٹوں پہ بسر ہو یہ ضروری تو نہیں
جان دینا تو ہے آئین وفا میں لیکن
ظلم کی تیغ پہ سر ہو یہ ضروری تو نہیں
وہ تو آغوش تصور میں بھی آ سکتا ہے
حسن خود پیش نظر ہو یہ ضروری تو نہیں
ان کو پا سکتے ہیں جب خانۂ دل میں انورؔ
چاند کی سمت سفر ہو یہ ضروری تو نہیں