پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور معظم کی غزلیں — Anwar Moazzam Ghazals

انور معظم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ غزل کی انجمن ہے ذرا اہتمام کر لو (غزل)

یہ غزل کی انجمن ہے ذرا اہتمام کر لو

کسی غم کو مے بنا لو کسی دل کو جام کر لو

کہاں صبح غم کا سورج کہاں شام کا ستارہ

اسی رخ پہ زلف بکھرے یہی صبح و شام کر لو

وہ حبیب ہو کہ رہبر وہ رقیب ہو کہ رہزن

جو دیار دل سے گزرے اسے ہم کلام کر لو

یہ کہاں کے محتسب ہیں یہ کہاں کی مصلحت ہے

جو انہیں نہیں میسر وہی شے حرام کر لو

ہمیں بھولا نہیں افسانہ دل کا (غزل)

ہمیں بھولا نہیں افسانہ دل کا

ابھی ہاتھوں میں ہے پیمانہ دل کا

دھواں اٹھتا نظر آتا ہے ہر سو

ابھی آباد ہے ویرانہ دل کا

جہاں بکھری ہے اب خاکستر دل

اسی جا تھا کبھی کاشانہ دل کا

ابھی تک یاد ہیں وہ دن کہ جب تھا

ہر اک آوارہ غم دیوانہ دل کا

وہ امیدوں کا اک ہلکا تبسم

دھڑک اٹھنا وہ بیتابانہ دل کا

کسی آنسو کی غم ہوتی صدا پر

لرزنا ڈوبنا گھبرانا دل کا

غم دوراں غم جاناں غم جاں

ہر اک منزل پہ تھا نذرانہ دل کا

کھلے جاتے تھے گل ہر ہر قدم پر

کہیں بھی قافلہ ٹھہرا نہ دل کا

طلسم رنگ و بو تھا ٹوٹنے تک

ٹھکانہ پھر نہ تھا گل کا نہ دل کا

ادھر ارماں ادھر احساس حرماں

چھٹا کس موڑ پر یارانہ دل کا

ہمیں بادہ‌ کش درد تمنا

ہمیں پر بند ہے مے خانہ دل کا

مزید غزلیں از انور معظم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں