آفتاب احمد شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لٹیرا ہے مگر وہ راہبر ہے (غزل)
لٹیرا ہے مگر وہ راہبر ہے
ہمارے مال پر اس کی نظر ہے
مرا حق وہم کے زمرے میں آیا
ترا شک بھی حدیث معتبر ہے
وہ جو کہتا تھا وہ کرتا نہیں تھا
جو اس کے دل میں ہے کس کو خبر ہے
بہت ہے اس کی خواہش اس کو روکے
مگر مہلت نہایت مختصر ہے
مکاں ملتا نہیں ہے شہر بھر میں
ادھر گاؤں میں خالی میرا گھر ہے
یہ چپ سے خوب صورت لوگ اکثر (غزل)
یہ چپ سے خوب صورت لوگ اکثر
کہ دے جاتے ہیں دل کا روگ اکثر
زمیں پر کیوں ملن ہونے نہ پایا
اگر اوپر ہوئے سنجوگ اکثر
ہمارا ہاتھ یوں اس نے بٹایا
چگی اس نے ہماری چوگ اکثر
وہ جن کو موت کی پروا نہیں ہے
انہیں ملتا ہے جیون جوگ اکثر
یہ کیسی زندگی تھی جینے والو
منایا ہم نے جس کا سوگ اکثر
مزید غزلیں از آفتاب احمد شاہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں