پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آفتاب عالم آس کی غزلیں — Aftab Alam Aas Ghazals

آفتاب عالم آس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گولی لگی تڑاک سے لگتے ہی گر پڑے (غزل)

گولی لگی تڑاک سے لگتے ہی گر پڑے

اس طرح چہرے بنتے ہیں منٹوں میں آنکڑے

کتنے مرے ہیں اس سے ہی طے ہوگی ہار جیت

اس سے نہیں کہ جنگ میں کتنے گئے لڑے

جس پھل کو کوئی تکنے کو تیار ہی نہیں

اس پھل کو کیا غرض وہ پکے یا گرے سڑے

اک وعدہ تیرے ساتھ ہمیشہ کھڑا ہوں میں

اک جھوٹ سوچتا ہوں اکیلے کھڑے کھڑے

بس بات یہ ہے اس کے بٹن ماں نے ٹانکے ہیں

ورنہ ہماری شرٹ میں ہیرے نہیں جڑے

تم جیسے ناز اداؤں کی مجھ کو تلاش تھی

کس کی دکاں سے لائے ہو کتنے کے یہ پڑے

یہ جو اس آسماں میں تارے ہیں (غزل)

یہ جو اس آسماں میں تارے ہیں

ان میں سے پانچ چھ ہمارے ہیں

آپ کے واسطے ندی دلکش

آپ اندر نہیں کنارے ہیں

یہ جو ٹوٹے تو خواب ٹوٹیں گے

آپ کی آنکھ کے جو تارے ہیں

بچپنا بیچتا ہوا بچہ

لے لو لے لو چنے کرارے ہیں

ایک کا تاج اتارنے کے لیے

جانے کتنوں کے سر اتارے ہیں

آپ کے پاس جتنے ہیں اشعار

اتنے اشعار میں نے مارے ہیں

مزید غزلیں از آفتاب عالم آس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں