پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور مینائی کی غزلیں — Anwar Minai Ghazals

انور مینائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر دم دعائے آب و ہوا مانگتے رہے (غزل)

ہر دم دعائے آب و ہوا مانگتے رہے

ننگے درخت سبز قبا مانگتے رہے

یاروں کا اعتقاد بھی اندھا تھا اس قدر

گونگی روایتوں سے صدا مانگتے رہے

کتنی عجیب بات تھی جب سرد رات سے

ہم دوپہر کی گرم ہوا مانگتے رہے

کرتے رہے جو دن کے اجالوں سے احتراز

وہ بھی اندھیری شب میں ضیا مانگتے رہے

کچھ لوگ ایسے بھی تھے جو لمحات کرب سے

آسودہ ساعتوں کا پتہ مانگتے رہے

محفوظ رہے گا کیا احساس کا آئینہ (غزل)

محفوظ رہے گا کیا احساس کا آئینہ

پتھر کے مقابل ہے الماس کا آئینہ

اب چہرۂ ماضی بھی پہچانا نہیں جاتا

یوں ٹوٹ کے بکھرا ہے اتہاس کا آئینہ

مفہوم تو مبنی ہے قاری کی بصیرت پر

الفاظ سے روشن ہے قرطاس کا آئینہ

اس عہد میں رشتوں کی بے رنگ دکانوں میں

ہیرے سے بھی مہنگا ہے وشواس کا آئینہ

اس شہر میں یوں پھیلی آزار کی پرچھائیں

ہر شخص کا چہرہ ہے اب یاس کا آئینہ

مزید غزلیں از انور مینائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں