پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آفتاب احمد کی غزلیں — Aftab Ahmad Ghazals

آفتاب احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عمر رفتہ میں ترے ہاتھ بھی کیا آیا ہوں (غزل)

عمر رفتہ میں ترے ہاتھ بھی کیا آیا ہوں

دن بتانے تھے مگر خود کو بتا آیا ہوں

دھول بھی ایسے قرینے سے اڑائی ہے کہ میں

ایک مرتے ہوئے رستے کو بچا آیا ہوں

کل کو دے آؤں گا جا کر اسے بینائی بھی

آنکھ دیوار پہ فی الحال بنا آیا ہوں

وادئ صوت نہیں مجھ کو بھلانے والی

نقش یوں کر کے وہاں اپنی صدا آیا ہوں

صرف پاؤں ہی نہیں قید سے باہر آئے

اپنی زنجیر کو بھی کر کے رہا آیا ہوں

اپنے آنسو بھی کیے نذر کسی پانی کے

پیاس دریا کی بہر طور بجھا آیا ہوں

زندگی تو بھی بہت یاد کرے گی مجھ کو

تیرے حصے کے بھی دکھ درد اٹھا آیا ہوں

اب پریشاں ہوں کہ تعبیر کا جانے کیا ہو

بند کانوں کو نیا خواب سنا آیا ہوں

جانے کس گھاٹ لگے عمر کی کشتی احمدؔ

خود کو سوکھے ہوئے دریا میں بہا آیا ہوں

یہ ریگ رواں یاد دہانی تو نہیں کیا (غزل)

یہ ریگ رواں یاد دہانی تو نہیں کیا

صحرا کسی دریا کی نشانی تو نہیں کیا

دیکھو مرا کردار کہیں پر بھی نہیں ہے

دیکھو یہ کوئی اور کہانی تو نہیں کیا

روشن ہے نیا عکس سر چشم تماشہ

بیتے ہوئے منظر کی روانی تو نہیں کیا

اس گھر کے در و بام بھی اپنے نہیں لگتے

قسمت میں نئی نقل مکانی تو نہیں کیا

خوابوں پہ پڑی اوس کا مطلب تو یہی ہے

اشکوں کے جو شعلے وہ تھے پانی تو نہیں کیا

میں مصرع اولیٰ ہوں تو آئینے میں صاحب

جو عکس ہے وہ مصرع ثانی تو نہیں کیا

پوچھوں گا کسی روز چراغوں سے میں احمدؔ

یہ لو کوئی پیغام زبانی تو نہیں کیا

مزید غزلیں از آفتاب احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں