انور خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہاں تک مجھ کو ٹھکرائے گی دنیا (غزل)
کہاں تک مجھ کو ٹھکرائے گی دنیا
کبھی تو خود کو سمجھائے گی دنیا
میاں دل سے غلط فہمی نکالو
تمہارے بن بھی چل جائے گی دنیا
مجھے بھی روک ہی لے گا زمانہ
تمہیں بھی یاد آ جائے گی دنیا
اسے اپنا نہیں ہے ہوش انورؔ
تمہیں کیا خاک سمجھائے گی دنیا
ہوا کے ساتھ اڑ جائے گا پانی (غزل)
ہوا کے ساتھ اڑ جائے گا پانی
یہیں پھر لوٹ کر آئے گا پانی
تعلق اک مسلسل سلسلہ ہے
جہاں ٹھہرے گا مر جائے گا پانی
مسلسل بارشیں ہوتی رہیں تو
ہمارے گھر بھی آ جائے گا پانی
ہماری پیاس بڑھ جائے گی جس دن
اسی دن آگ بن جائے گا پانی
جنوں کی فصل گر اگتی رہی تو
زمیں پر آگ برسائے گا پانی
چھت پر بارش برس رہی ہے (نظم)
چھت پر بارش برس رہی ہے
دیواروں پر دھول جمی ہے
کھڑکی کے پٹ اب بھی کھلے ہیں
چڑیا اندر جھانک رہی ہے
اندر شور ہے سناٹے کا
باہر شور کا سناٹا ہے
عجب سا اک بازار لگا ہے
گونگے بولیاں بیچ رہے ہیں
اندھے یہ سب دیکھ رہے ہیں
شاید کچھ ہونے والا ہے
جانے کیا ہونے والا ہے