پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افسر جمشید کی غزلیں — Afsar Jamshed Ghazals

افسر جمشید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسا منظر تو کبھی دیکھا نہ تھا (غزل)

ایسا منظر تو کبھی دیکھا نہ تھا

روشنی میں بھی مرا سایہ نہ تھا

پیار کے بادل تو گزرے تھے مگر

دل کے صحرا میں کوئی برسا نہ تھا

عمر بھر پڑھتا رہا ایسا بھی خط

تو نے میرے نام جو لکھا نہ تھا

جسم کی دیوار اک تھی درمیاں

میں نے پا کر بھی تجھے پایا نہ تھا

یوں تو شبنم تھا مگر اے دوستو

میں کسی بھی پھول پر بکھرا نہ تھا

موت سینے سے لگا لینے کو ہے

زندگی نے حال تک پوچھا نہ تھا

اک ہجوم مہ وشاں تھا بزم میں

بس وہی اک چاند کا ٹکڑا نہ تھا

سورج کوئی نہ کوئی ستارا طلوع ہو (غزل)

سورج کوئی نہ کوئی ستارا طلوع ہو

تنہا اگر خدا ہے تو تنہا طلوع ہو

بے رشتگی کا ایک سمندر ہے اور میں

مدت سے منتظر ہوں کنارا طلوع ہو

آ میرے پاس اور کبھی اس طرح چمک

میرے بدن سے بھی ترا سایا طلوع ہو

جمشیدؔ کیا کرو گے اگر یوں بھی ہو کبھی

سورج کے دائرے سے اندھیرا طلوع ہو

مزید غزلیں از افسر جمشید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں