افسر دکنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم چلے جائیں گے پھر حال ترا کیا ہوگا (غزل)
ہم چلے جائیں گے پھر حال ترا کیا ہوگا
ہم نہ ہوں گے تو ترے گھر میں اندھیرا ہوگا
پھول کے بدلے جو اس شوخ نے پھینکا ہوگا
دل کا آئینہ اسی سنگ سے ٹوٹا ہوگا
کس کو احساس دلانے کو چلے آئے ہو
کس کو اس شہر میں اب تم پہ بھروسہ ہوگا
اب ذرا سوچ سمجھ کر ہی سہارا ڈھونڈو
خشک پیڑوں کا یہ سایہ بھی ادھورا ہوگا
لوگ محلوں میں بسیروں کے تمنائی ہیں
میری تقدیر میں مٹی کا گھروندا ہوگا
پھول چن چن کے تو پتھرا گئیں آنکھیں اپنی
کب کسی جھیل سی آنکھوں کا نظارا ہوگا
مجھ کو شہرت کی ضرورت نہیں افسر دکنیؔ
میری غزلوں کا ہر اک بزم میں چرچا ہوگا
وہ ہر طرح سے ہمیں بے وفا سمجھتے ہیں (غزل)
وہ ہر طرح سے ہمیں بے وفا سمجھتے ہیں
خدا ہی جانے کہ وہ ہم کو کیا سمجھتے ہیں
ہم ان کے درد کی گہرائیوں میں ڈوبے ہیں
سمجھنے والے ہمیں جانے کیا سمجھتے ہیں
ہیں ایسی کون سی مجبوریاں خدا جانے
قریب رہ کے بھی ہم کو جدا سمجھتے ہیں
وہ اب شکار غلط فہمیوں کا ہیں شاید
دعا کریں بھی تو وہ بد دعا سمجھتے ہیں
ثبوت چاہئے اب کیا وفا پرستی کا
وہ زہر دیں تو ہم اس کو دوا سمجھتے ہیں
ہمارے نام جو بھیجا ہے اس نے خط افسرؔ
ہم اپنے دل کا اسے مدعا سمجھتے ہیں