پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور خلیل کی غزلیں — Anwar Khalil Ghazals

انور خلیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انجام عشق مانا اکثر برا ہوا ہے (غزل)

انجام عشق مانا اکثر برا ہوا ہے

بے عشق زندگی کا انجام کیا ہوا ہے

کیا حال دل سنائیں کیا وجہ غم بتائیں

بس یہ کہ آج کل وہ ہم سے کھچا ہوا ہے

کیا ذکر گل رخوں کا اس شہر کے کریں ہم

ہر شخص ہی یہاں تو قاتل بنا ہوا ہے

کس کس سے مل چکے ہیں کس کس سے اب ملیں گے

اک روگ زندگی کو یہ بھی لگا ہوا ہے

ایسی خلیلؔ آخر کیا بات ہو گئی ہے

آنکھیں اداس سی ہیں چہرہ بجھا ہوا ہے

وہ ایک غم کہ سہارا تھا زندگی کے لیے (غزل)

وہ ایک غم کہ سہارا تھا زندگی کے لیے

بھلا رہا ہوں اسے بھی تری خوشی کے لیے

تو یوں خیال کے دروازے ہم پہ بند نہ کر

ہزار شہر کھلے ہوں گے اجنبی کے لیے

جہاں میں کون بچا ہے ہمارے قتل کے بعد

جو تیری زلف مچلتی ہے برہمی کے لیے

خزاں کا دور چمن میں نیا نہیں ہے مگر

کلی کلی نہ ترستی تھی تازگی کے لیے

ہر ایک سمت سرابوں کے قافلے ہیں رواں

نظر نظر میں بیاباں ہے آدمی کے لیے

جگر کے داغ چھپائے کبھی جو ہم نے خلیلؔ

اندھیرے دل میں اتر آئے روشنی کے لیے

مزید غزلیں از انور خلیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں