پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افسر آذری کی غزلیں — Afsar Azri Ghazals

افسر آذری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زہے نصیب وہ پرساں ہیں غم کے ماروں کے (غزل)

زہے نصیب وہ پرساں ہیں غم کے ماروں کے

مزاج عرش پہ ہیں آج دل فگاروں کے

جہاں میں دیدۂ جوہر شناس کی ہے کمی

زیادہ دام ہیں ہیروں سے سنگ پاروں کے

طلوع مہر بدلنے کو ہے نظام فلک

کہو کہ کوچ کریں کارواں ستاروں کے

حسین چاند کی کرنوں سے کھیلنے والی

مرے جہاں میں کئی کھیت ہیں ستاروں کے

ہر سوال کا اپنے خود جواب ہو جائے (غزل)

ہر سوال کا اپنے خود جواب ہو جائے

ذرے کی تمنا ہے آفتاب ہو جائے

تو کبھی جو بھولے سے بے نقاب ہو جائے

منتقل حقیقت میں اپنا خواب ہو جائے

عشق کے پرستارو کچھ کمی تو ہے ورنہ

بوالہوس محبت میں کامیاب ہو جائے

ہم نفس خدا حافظ غنچہ و عنادل کا

باغباں کی نیت ہی جب خراب ہو جائے

میکدے میں توبہ کا کس کو ہوش رہتا ہے

اور ہر نظر تیری جب شراب ہو جائے

رقص مینا سرود جام و سبو (نظم)

رقص مینا سرود جام و سبو

بہکی بہکی بہار کی خوشبو

کھیلتی ظلمتوں کے سینے میں

مرمریں رات کے سفینے میں

جانب ساحل حیات رواں

حسرتوں کی جوان انگڑائی

مسکراتی سی کائنات رواں

شوخیاں مائل تبسم سی

اور نبضیں یقین کی گم سی

صبح خنداں بہار رعنائی

آرزؤں کی جھرمٹوں میں ہے

تیری یادوں کے آبگینے میں

ہے مری تلخ کامیوں کا لہو

لگ رہی ہے سہاگ کی مہندی

یہ سماں اور آنکھ میں آنسو

میری مجبوریوں پہ غور تو کر

وقت رخصت ملال لا حاصل

اب یہ دوست سوال لاحاصل

تو مری زندگی کی بھیک نہ مانگ

دو دلوں کا ملاپ ہوتا ہے

زندگی موت کے سفینے میں

کیف و مستی کے جھرمٹوں میں ہے

مزید غزلیں از افسر آذری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں