انور کمال انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی مفلس ہو کہ دھنوان چلا جاتا ہے (غزل)
کوئی مفلس ہو کہ دھنوان چلا جاتا ہے
موت جب آتی ہے انسان چلا جاتا ہے
ناخدا دیکھتے رہتے ہیں کھڑے ساحل پر
کشتیاں لوٹ لے طوفان چلا جاتا ہے
اس مسافر کے لئے کچھ نہیں منزل کی خوشی
جس کا رستے میں ہی سامان چلا جاتا ہے
کیسا تاجر ہے منافع نہیں ہوتا تجھ کو
تجھ کو ہر سودے میں نقصان چلا جاتا ہے
یاد آتے ہیں کئی چاند سے روشن چہرے
جب بھی ماضی کی طرف دھیان چلا جاتا ہے
وہ تماشے سر بازار نظر آتے ہیں
دیکھنے والوں کا ایمان چلا جاتا ہے
کر کے احسان جتایا نہ کریں آپ کمالؔ
اس طرح دیکھیے احسان چلا جاتا ہے
اگر ہمت جواں ہو شادمانی ڈھونڈ لیتی ہے (غزل)
اگر ہمت جواں ہو شادمانی ڈھونڈ لیتی ہے
ضرورت تپتے صحرا میں بھی پانی ڈھونڈ لیتی ہے
کسی رنگین منظر تک رسائی جب نہیں ہوتی
نظر افسردہ منظر میں جوانی ڈھونڈ لیتی ہے
حدوں سے بڑھنے لگتی ہے گھٹن جب دیدہ و دل کی
طریقہ گفتگو کا بے زبانی ڈھونڈ لیتی ہے
نمائش دل کے زخموں کی چلو دلی میں کرتے ہیں
سنا ہے قاتلوں کو راجدھانی ڈھونڈ لیتی ہے
مسائل کا کبھی حل ڈھونڈنے پر بھی نہیں ملتا
مسائل کا کبھی حل زندگانی ڈھونڈ لیتی ہے
کسی کو قصۂ دل جب سنانا چاہتا ہوں میں
بہانے بے رخی کے بد گمانی ڈھونڈ لیتی ہے
کوئی افتاد جب بھی ٹوٹتی ہے زندگانی پر
مجھی کو کیوں برائے نوحہ خوانی ڈھونڈ لیتی ہے
حقیقت سے اگر رشتہ ہو اس کا تو کمال انورؔ
خود اپنے پڑھنے والوں کو کہانی ڈھونڈ لیتی ہے