انور جمال انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زمانہ اف یہ کیسا ہو رہا ہے (غزل)
زمانہ اف یہ کیسا ہو رہا ہے
جو سیدھا تھا وہ الٹا ہو رہا ہے
اب اہل علم میں تاریکیاں ہیں
جہالت میں سویرا ہو رہا ہے
وہاں پر زندگی کیسے بچے گی
جہاں قاتل مسیحا ہو رہا ہے
بشر کا مقصد تخلیق دیکھو
اسے ہونا تھا کیا کیا ہو رہا ہے
یہ ہے تقلید مغرب کا نتیجہ
جدا مسلم سے پردہ ہو رہا ہے
ہماری راست گوئی کام آئی
وفا ہونا تھا وعدہ ہو رہا ہے
جمال فکر و فن کا تیرے انورؔ
سخن دانوں میں چرچا ہو رہا ہے
بے گھر تھا پھر چھوڑ گیا گھر جانے کیوں (غزل)
بے گھر تھا پھر چھوڑ گیا گھر جانے کیوں
پار کیا ہے سات سمندر جانے کیوں
آنکھیں حیراں دل ویراں ہیں چہرے زرد
چیخ رہا ہے منظر منظر جانے کیوں
آنکھوں میں مظلوموں کے بس آنسو ہیں
فکر میں ہے ہر ایک ستم گر جانے کیوں
تپتی ریت جھلستے سائے تند ہوا
گھر سے نکلا موم کا پیکر جانے کیوں
پھول سا چہرہ جھیل سی اس کی آنکھیں ہیں
یاد آتا ہے مجھ کو اکثر جانے کیوں
آتے جاتے سب سے باتیں کرتا تھا
چپ بیٹھا ہے آج قلندر جانے کیوں
میری غزلیں سن کر انورؔ چاہت سے
دیکھتا ہے ہر ایک سخنور جانے کیوں