پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افسر الہ آبادی کی غزلیں — Afsar Allahabadi Ghazals

افسر الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ ہو یا رب ایسی طبیعت کسی کی (غزل)

نہ ہو یا رب ایسی طبیعت کسی کی

کہ ہنس ہنس کے دیکھے مصیبت کسی کی

جفا ان سے مجھ سے وفا کیسے چھوٹے

یہ سچ ہے نہیں چھٹتی عادت کسی کی

اچھوتا جو غم ہو تو اس میں بھی خوش ہوں

نہیں مجھ کو منظور شرکت کسی کی

حسینوں کی دونوں ادائیں ہیں دلبر

کسی کی حیا تو شرارت کسی کی

مجھے گم شدہ دل کا غم ہے تو یہ ہے

کہ اس میں بھری تھی محبت کسی کی

بہت روئے ہم یاد میں اپنے دل کی

جہاں دیکھی ننھی سی تربت کسی کی

تمہارے ہجر میں کیوں زندگی نہ مشکل ہو (غزل)

تمہارے ہجر میں کیوں زندگی نہ مشکل ہو

تمہیں جگر ہو تمہیں جان ہو تمہیں دل ہو

عجب نہیں کہ اگر آئینہ مقابل ہو

تمہاری تیغ ادا خود تمہاری قاتل ہو

نہ اختلاف مذاہب کے پھر پڑیں جھگڑے

حجاب اپنی خودی کا اگر نہ حائل ہو

تمہاری تیغ ادا کا فسانہ سنتا ہوں

مجھے تو قتل کرو دیکھوں تو کیسے قاتل ہو

ہماری آنکھ کے پردے میں تم چھپو دیکھو

تمہاری ایسی ہو لیلیٰ تو ایسا محمل ہو

یہ عرض روز جزا ہم کریں گے داور سے

کہ خوں بہا میں ہمارے حوالے قاتل ہو

اسی نظر سے ہے نور نگاہ مد نظر

مجھے حبیب کا دیدار تاکہ حاصل ہو

حبیب کیوں نہ ہو صورت بھی اچھی سیرت بھی

ہر ایک امر میں تم رشک ماہ کامل ہو

غضب یہ ہے کہ عدو کا جھوٹ سچ ٹھہرے

ہم ان سے حق بھی کہیں تو گمان باطل ہو

مزا چکھاؤں تمہیں اس ہنسی کا رونے پر

خدا کرے کہیں تم دل سے مجھ پہ مائل ہو

تمہارے لب تو ہیں جان مسیح و آب بقا

یہ کیا زمانے میں مشہور ہے کہ قاتل ہو

تمہاری دید سے سیراب ہو نہیں سکتا

کہ شکل آئنہ منہ دیکھنے کے قابل ہو

اسی رفیق سے غفلت ہے آہ اے افسرؔ

تمہارے کام سے جو ایک دم نہ غافل ہو

مزید غزلیں از افسر الہ آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں