انور کیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کے آگے پیار کے جذبوں کی آرائش نہ کر (غزل)
اس کے آگے پیار کے جذبوں کی آرائش نہ کر
زرد ریگستان میں پھولوں کی افزائش نہ کر
یہ تو ہو سکتا ہے کہ دونوں کی منزل ایک ہو
پھر بھی اس کے ہم سفر ہونے کی فرمائش نہ کر
منحصر اس پر بھی ہے وہ پاس آئے یا نہ آئے
اے مرے دل قربتوں کی مجھ سے فرمائش نہ کر
ہم نے مانا چاند سا روشن ترا محبوب ہے
تو مگر اس چاند کی لفظوں سے پیمائش نہ کر
خود پہ جو نازاں ہے انورؔ تیری چاہت پر نہیں
اس پری پیکر کے آگے دل کی زیبائش نہ کر
خیال میں بھی کبھی جب وہ خوش لباس آئے (غزل)
خیال میں بھی کبھی جب وہ خوش لباس آئے
مہکتے پھولوں کی خوشبو بھی آس پاس آئے
وفا محبتوں ایثار کی کتابوں میں
ہمارے پیار کے قصوں میں اقتباس آئے
وفا خلوص ادا حسن زلف اور نغمہ
خدا کرے یہی لہجہ غزل کو راس آئے
عروج دار سبھی کو نہیں ہوا حاصل
نہ جانے کتنے زمانے میں حق شناس آئے
ہمارے عزم نے طوفاں کے رخ بدل ڈالے
مخالفت کی ہوا آ سکے تو پاس آئے
غریب بھوک کی ٹھوکر سے خون خون ہوئے
کسی امیر کو اب تو لہو کی باس آئے