پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور بدنام کی غزلیں — Anwar Badnam Ghazals

انور بدنام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیز طوفان تھا تنہا میں سفر کیا کرتا (غزل)

تیز طوفان تھا تنہا میں سفر کیا کرتا

تم مرے ساتھ جو ہوتے تو بھنور کیا کرتا

آگ اپنوں نے لگائی ہے گھنے جنگل میں

ایک قطرہ بھی نہ پانی تھا شجر کیا کرتا

ایک دو گام میں چلتا تھا ٹھہر جاتا تھا

گرد ہی گرد تھی تا حد نظر کیا کرتا

مصلحت تھی یہ خدا کی کہ بنے اک دنیا

باغ فردوس میں ادنیٰ سا بشر کیا کرتا

تیرا ملنا بھی نہ ملنے کے برابر ہوتا

آخری وقت میں بدنامؔ خبر کیا کرتا

حال دل حال جہاں جب بھی سنایا اس نے (غزل)

حال دل حال جہاں جب بھی سنایا اس نے

مجھ سے وحشی کو بھی یک لخت رلایا اس نے

اس کی تصویر کا اک دوسرا رخ آیا نظر

کرب کا آئنہ جب مجھ کو دکھایا اس نے

قصۂ رنج و الم اپنا سنانے کے لئے

ایک ویران حویلی میں بلایا اس نے

لاکھ تعویذ سے بہتر ہے کہیں ماں کی دعا

مجھ کو پردیس میں احساس دلایا اس نے

شاخ امید پہ کھلتے ہیں فقط درد کے پھول

کیسا پودا مرے آنگن میں لگایا اس نے

ہم نے بدنامؔ محبت کو لکھا لفظ عظیم

بے سبب کفر کا الزام لگایا اس نے

مزید غزلیں از انور بدنام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں