عدنان نصیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حوصلے ہارے ہوئے کشتی بھی ٹوٹی ہوئی ہے (غزل)
حوصلے ہارے ہوئے کشتی بھی ٹوٹی ہوئی ہے
پتے بکھرے ہوئے ہیں جھیل بھی اتری ہوئی ہے
دلبری کے سبھی آداب اسے آتے ہیں
پہلے بھی ایک نظر سے کہیں گزری ہوئی ہے
کھڑکیاں کھول ذرا بوندوں کی ٹپ ٹپ تو سن
ایسے موسم میں بھلا کس لیے روٹھی ہوئی ہے
خود بھی گزرے ہو کبھی ایسے کسی تجربے سے
یا محبت پہ فقط فلم ہی دیکھی ہوئی ہے
میں نے رکنا نہیں اب اس نے پلٹنا ہو تو ہو
آسرا کرتا نہیں آس بھی رکھی ہوئی ہے
یہ محبت ہے میاں سب سے یوںہی ملتی ہے
تجھ کو لگتا ہے ترے ساتھ انوکھی ہوئی ہے
مر بھی جاؤں اسے دریا میں نہیں ڈالوں گا
مدتوں بعد تو مجھ سے کوئی نیکی ہوئی ہے
ترا غم سہیں گے چمکتے رہیں گے (غزل)
ترا غم سہیں گے چمکتے رہیں گے
دو آنسو بہیں گے چمکتے رہیں گے
وہ سوز اس نے دل کو عطا کر دیا ہے
جہاں بھی رہیں گے چمکتے رہیں گے
لبوں کو ہلائیں گے دنیا سنے گی
نہ کچھ بھی کہیں گے چمکتے رہیں گے
جو کہنے پہ کٹتی رہی ہیں زبانیں
وہی ہم کہیں گے چمکتے رہیں گے
یہ دنیا بھلے عارضی ہے مگر ہم
ہمیشہ رہیں گے چمکتے رہیں گے