عدنان منور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دیر سے دل پر اثر کرتا ہوں میں (غزل)
دیر سے دل پر اثر کرتا ہوں میں
کام مشکل ہے مگر کرتا ہوں میں
میں تجھے خود سے جدا کیسے کروں
جان جاتی ہے اگر کرتا ہوں میں
میں ہی میں ہوں جس طرف جاتا ہے تو
تو ہی تو ہے رخ جدھر کرتا ہوں میں
روندتا ہوں راستے پیروں تلے
ناچتے گاتے سفر کرتا ہوں میں
پھول سے کرتا ہوں میں خوشبو کشید
رائیگانی کو ثمر کرتا ہوں میں
بے گھری عدنانؔ بڑھ جاتی ہے کیوں
جب کسی کے دل میں گھر کرتا ہوں میں
ہائے کیا منظر تھے جو آنکھوں سے اوجھل ہو گئے (غزل)
ہائے کیا منظر تھے جو آنکھوں سے اوجھل ہو گئے
ہنستے بستے شہر بھی ویران جنگل ہو گئے
پاگلوں کو لوگ تو رکھتے ہیں زنجیروں میں قید
ہم تری زنجیر سے نکلے تو پاگل ہو گئے
دیکھ تو نے درد کے رنگوں سے ہم کو بھر دیا
دیکھ ہم تصویر غم بن کر مکمل ہو گئے
اس تگ و دو میں کہ ساری عمر ہو تیرے لیے
دوست ہم اپنے لیے گزرا ہوا پل ہو گئے
میں کھلے میدان میں یک لخت آ کر رک گیا
سامنے تھے ہی نہیں جو در مقفل ہو گئے
شہر سارا اس کی آنکھوں میں کہیں گم ہو گیا
اس کو جتنے دیکھنے والے تھے پاگل ہو گئے
ہم بہانے ڈھونڈتے تھے زندگی کے واسطے
تیرے آنے سے ہمارے مسئلے حل ہو گئے