انوار انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی کی تم دل آزاری نہ کرنا (غزل)
کسی کی تم دل آزاری نہ کرنا
محبت میں اداکاری نہ کرنا
مری فطرت وفا پر جان دینا
ترا شیوہ وفاداری نہ کرنا
اگر اندر ہی اندر مر چکے ہو
تو جینے کی اداکاری نہ کرنا
نبھانے کے لئے ہوتے نہیں یہ
کوئی وعدہ بھی سرکاری نہ کرنا
فقیروں کی حکومت ہے دلوں پر
کبھی ہم پر تو سرداری نہ کرنا
وہ جو تیرے قریب ہوتا ہے (غزل)
وہ جو تیرے قریب ہوتا ہے
کس قدر خوش نصیب ہوتا ہے
جس کی خاطر نہ ہو دعا ماں کی
وہی سب سے غریب ہوتا ہے
جو نہ بدلا ہزار کوشش سے
آدمی کا نصیب ہوتا ہے
رنگ جو بھی بھرے حقیقت کے
وہی سچا ادیب ہوتا ہے
وقت پر کام آئے جو انوارؔ
وہی اپنا حبیب ہوتا ہے
مزید غزلیں از انوار انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں