پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عدنان محسن کی غزلیں — Adnan Mohsin Ghazals

عدنان محسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اسم بن کر ترے ہونٹوں سے پھسلتا ہوا میں (غزل)

اسم بن کر ترے ہونٹوں سے پھسلتا ہوا میں

برف زاروں میں اتر آیا ہوں جلتا ہوا میں

اس نے پیمانے کو آنکھوں کے برابر رکھا

اس کو اچھا نہیں لگتا تھا سنبھلتا ہوا میں

رات کے پچھلے پہر چاند سے کچھ کم تو نہ تھا

دن کی صورت تری بانہوں سے نکلتا ہوا میں

تیرے پہلو میں ذرا دیر کو سستا لوں گا

تجھ تک آ پہنچا اگر نیند میں چلتا ہوا میں

میری رگ رگ میں لہو بن کے مچلتی ہوئی تو

تیری سانسوں کی حرارت سے پگھلتا ہوا میں

وہ کبھی دھوپ نظر آئے کبھی دھند لگے

دیکھتا ہوں اسے ہر رنگ بدلتا ہوا میں

کبھی تو خواب کبھی رت جگے سے باتیں کیں (غزل)

کبھی تو خواب کبھی رت جگے سے باتیں کیں

ترے گمان میں ہم نے دیے سے باتیں کیں

ردائے شب پہ نئے طرز سے وصال لکھا

بچھڑنے والوں نے اک دوسرے سے باتیں کیں

رہی نہ یاروں سے امید غم گساری کی

گھر آئے گریہ کیا آئنے سے باتیں کیں

عجب مذاق ہے ہم نے خدا کے دھوکے میں

تمام عمر کسی وسوسے سے باتیں کیں

جناب شیخ سے اک بار سامنا ہو جائے

کرے گا یاد کسی سرپھرے سے باتیں کیں

بہت ادق تھیں عبارات زندگانی کی

ذرا سی دیر رکے حاشیے سے باتیں کیں

ہمارے ہونٹوں پہ پر لطف قہقہے بکھرے

ہماری آنکھوں نے کتنے مزے سے باتیں کیں

چلے تو چلتے گئے ہاتھ تھام کر چپ چاپ

جدا ہوئے تو بہت راستے سے باتیں کیں

ہجوم جس کی ٹھوکروں کی ضرب سے (نظم)

ہجوم جس کی ٹھوکروں کی ضرب سے

ہوا میں ہانپتا ہوا غبار چھٹ نہیں رہا

غبار میں جو خاک ہے زمین سے اڑی ہے یا

کسی کے سرد جسم سے خبر نہیں

خبر بھی ہو تو کیا بگاڑ لے کوئی

ہجوم ہٹ نہیں رہا

ابد کی شاخ سبز پر کھلا ہوا

شباب کا گلاب پتیوں میں بٹ نہیں رہا

ہجوم بے سکون ہے سوال مر نہیں رہا

سوال کا زبان سے جڑا ہوا جو تار ہے

وہ تار کٹ نہیں رہا

وہ مر گیا

ہجوم اس کی ماں کی بد دعا سے ڈر نہیں رہا

ہجوم اسے چٹختی پسلیوں کے بل گھسیٹتا چلا گیا

کسی نے اس کے زخم کو لعاب کا کفن دیا

کوئی بدن کو لاٹھیوں سے پیٹتا چلا گیا

قریب چند لوگ عکس بند کر رہے ہیں

کیمروں میں ایسے کھیل کو

کہ جس میں سب کھلاڑیوں کی آستیں پہ خون ہے

ہجوم کو جنون ہے ہجوم ہٹ نہیں رہا

میں منتظر ہوں اک طرف

مرے عقب میں چپ کھڑی ہے اک محافظوں کی صف

ہجوم سے کہو ہٹے غبار جانے کب چھٹے

میں اس کے درد سے بھنچے شکستہ ہاتھ کی گرفت سے

ذرا سی نظم کھینچ لوں

محافظوں کا ترجماں دعائے خیر میں مگن

نہیں نہیں وہ پہلے سے رٹا ہوا بیان رٹ نہیں رہا

مشال خان خیر ہو

تماشا گاہ سے تو رائیگاں پلٹ نہیں رہا

مزید غزلیں از عدنان محسن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں