پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انوار احمد قریشی نشتر کی غزلیں — Anwar Ahmad Qureshi Nashtar Ghazals

انوار احمد قریشی نشتر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رات اک بدنام گھر کی ہو رہی تھی چاندنی (غزل)

رات اک بدنام گھر کی ہو رہی تھی چاندنی

ایک میلی چاندنی کو دھو رہی تھی چاندنی

اک بڑے ہوٹل کی ویراں چاندنی پر لیٹ کر

جانے کیوں اپنا تقدس کھو رہی تھی چاندنی

دوستوں کے ساتھ وہ تھا میکدے میں رات بھر

اور بستر پر اکیلی سو رہی تھی چاندنی

شہر میں جلتے مکاں بہتے لہو کو دیکھ کر

جنگلوں میں منہ چھپاتے رو رہی تھی چاندنی

دھوپ جھلساتی رہی دن بھر جو کھیتوں کو تو کیا

رات کو اپنی شعاعیں بو رہی تھی چاندنی

رات تھی ویراں کھنڈر تھا میں تھا میرا کرب تھا

بوجھ میرے درد و غم کا ڈھو رہی تھی چاندنی

غم کا ساتھی کون ہے یہ سوچ کر تنہا تھا میں

ساتھ لیکن میرے نشترؔ رو رہی تھی چاندنی

بول دنیا کے رسیلے ہو گئے (غزل)

بول دنیا کے رسیلے ہو گئے

پھر یہ لہجے کیوں کٹیلے ہو گئے

اتنی کم بارش میں کیا ہوتا بھلا

خشک پتے صرف گیلے ہو گئے

ایک گردہ بک گیا تو کیا ہوا

ہاتھ تو بیٹی کے پیلے ہو گئے

چیتھڑے پہلے تھے اب اجلا کفن

مر گئے تو ہم سجیلے ہو گئے

زہر اگلنا جن کا شیوہ کل رہا

آج ان کے ہونٹ نیلے ہو گئے

جانتے ہیں پر نہیں ہیں مانتے

لوگ نشترؔ کیا ہٹیلے ہو گئے