عدنان اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گھر کی دیوار پہ کیوں لکھا کہ گھر خالی ہے (غزل)
گھر کی دیوار پہ کیوں لکھا کہ گھر خالی ہے
اتنی وحشت سے بھرا ہے یہ کدھر خالی ہے
آپ محسوس نہ کر پائیں گے میرے دکھ کو
شام ہونے کو ہے اور سارا شجر خالی ہے
تیری مرضی ہے تو چاہے تو کرے دل آباد
اک ترے واسطے یہ بار دگر خالی ہے
میں نے خوں سے نہیں اشکوں سے لکھا تھا وہ خط
اس میں لکھا تو بہت کچھ تھا مگر خالی ہے
اب بھلا کیسے پڑے گی مرے دن میں برکت
آپ کے پیار سے جو میری سحر خالی ہے
کوئی جاتا ہی نہیں دشت سیاحت کے لئے
ایک مدت سے تو یہ راہگزر خالی ہے
گھر کہاں بنتا ہے آرائش اشیا سے اثرؔ
جس میں بہنیں نہیں ہوتی ہیں وہ گھر خالی ہے
دل کو کر دیتا ہے تسخیر سمجھتا ہوں میں (غزل)
دل کو کر دیتا ہے تسخیر سمجھتا ہوں میں
عشق کو پاؤں کی زنجیر سمجھتا ہوں میں
اب مرے خواب میں آنے کی اجازت ہے تمہیں
اب تو ہر خواب کی تعبیر سمجھتا ہوں میں
روح اب تک ہے معطر گل تازہ کی طرح
عشق کو مشک ابد گیر سمجھتا ہوں میں
تو اگر مجھ کو پکارے تو ٹھہرتا ہی نہیں
ایک لمحے کو بھی تاخیر سمجھتا ہوں میں