پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور آفاقی کی غزلیں — Anwar Afaqi 1 Ghazals

انور آفاقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی کبھی وہی بانگ درا لگے ہے مجھے (غزل)

کبھی کبھی وہی بانگ درا لگے ہے مجھے

کہ ٹوٹتی سی جو دل کی صدا لگے ہے مجھے

مرا خلوص مجھے لے کے آ گیا ہے کہاں

وہ ہنس کے گالیاں دے تو دعا لگے ہے مجھے

نہ آیا حرف شکایت مرے لبوں پہ مگر

یہ بات سچ ہے کہ وہ بے وفا لگے ہے مجھے

جزا کی فکر ہو کیوں مجھ کو بزم ہستی میں

مرا وجود ہی جب اک سزا لگے ہے مجھے

میں اپنے آپ سے بیگانہ ہو گیا انورؔ

کسی حسین کی یہ بد دعا لگے ہے مجھے

گردش وقت نے مارا مجھ کو (غزل)

گردش وقت نے مارا مجھ کو

کون اب دے گا سہارا مجھ کو

میری کشتی ہے حوادث کا شکار

اب صدا دے نہ کنارہ مجھ کو

راہ دشوار روشنی معدوم

ہے سفر پھر بھی گوارا مجھ کو

میں ہوں افسردہ رات ہے کالی

کیوں ہے جینے کا اشارہ مجھ کو

راہ دشوار ہے مگر انورؔ

ہے رفاقت کا سہارا مجھ کو

میرے ہم راز اے مرے ہمدم (نظم)

میرے ہم راز اے مرے ہمدم

میرے ساتھی مرے شریک سفر

اس قدر کیوں نڈھال ہو بولو

اس قدر کیوں اداس ہو بولو

تم نے خوابوں سے رشتہ کیوں توڑا

اور آنکھیں تھکن سے چور ہیں کیوں

کیوں قدم رک گئے مرے ساتھی

ہے سفر تو ابھی بہت باقی

اور منزل بہت ہے دور ابھی

کچھ بتاؤ کہ کیوں خموش ہو تم

کیوں بھٹکنے لگے خیالوں میں

یہ نہ سمجھو کہ دکھ تمہارا ہے

یہ نہ سوچو کہ تم اکیلے ہو

ہر قدم پر تمہارے ساتھ ہوں میں

لاؤ دے دو تم اپنے دکھ سارے

میں تمہارے غموں کو پیار کروں

اور تلووں کے آبلوں کو بھی

اپنے اشکوں سے خود میں صاف کروں

جتنے کانٹے چبھیں ہیں چن لوں میں

پھر کوئی خواب بھر دوں آنکھوں میں

تابناکی حیات کو دے دوں

رستہ رستہ کو مرغزار کروں

جس سے راحت ملے تمہیں ہمدم

جس سے سانسیں بھی مشک بار بنیں

پھول ہونٹوں پہ مسکرا اٹھیں

اور امنگیں جوان ہوں جس سے

حوصلہ تم کو جس سے مل جائے

اور آنکھیں تمہاری خواب بنیں

جس سے تم فاصلوں کو طے کر لو

ریگ زاروں میں مسکرا کے چلو

راہ منزل میں تم کبھی نہ رکو

جو منزل پکارتی ہے تمہیں

وہی منزل ہے میری منزل بھی

میری جنت تمہاری خوشیاں ہیں

تم نے سمجھا ہے جس کو خاک پا

وہ چمکتے ہوئے ستارے ہیں

ان ستاروں سے مانگ میں نے بھری

ان ستاروں سے زندگی ہے مری

ان ستاروں سے زرفشاں ہے حیات

میرے لب پر ہیں پیار کی سرگم

ان سے کھلتے ہیں عارضوں پہ کنول

ان سے آنکھوں میں خواب پلتے ہیں

جن سے دن لا جواب ہوتے ہیں

مزید غزلیں از انور آفاقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں