پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عدنان اختر اعظمی کی غزلیں — Adnan Akhtar Azmi Ghazals

عدنان اختر اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں بھی ہو سامنے اک پھول سا چہرہ ہووے (غزل)

یوں بھی ہو سامنے اک پھول سا چہرہ ہووے

ہر گھڑی یار اسی بات پہ چرچا ہووے

ہاں اگر چاہ لے تو میرا مسیحا ہووے

زخم بھر جائے مرے دل کا مداوا ہووے

باغ میں جب کبھی آئے وہ برائے تفریح

چار سو پیڑ ہوں اور پیڑ کا سایہ ہووے

چاند بھی رشک کرے جس کی ضیا باری پر

کاش محبوب مرا کوئی تو ایسا ہووے

زندگی بھر کے لئے ایک نشانی مل جائے

زخم احباب اگر دیں تو وہ گہرا ہووے

جس کو میں یاد کروں وہ ہو مقابل میرے

کاش ایسا بھی کسی دن مرے مولا ہووے

حق کی خاطر تو زباں کھولنی ہوگی عدنانؔ

یہ الگ بات ہے تیکھا ترا لہجہ ہووے

دراصل کر گئی ہیں دل میں گھر تری آنکھیں (غزل)

دراصل کر گئی ہیں دل میں گھر تری آنکھیں

ہیں مدتوں سے مری ہم سفر تری آنکھیں

سنا ہے لطف و عنایت ہے اور لوگوں پر

ہمارے حال سے ہیں بے خبر تری آنکھیں

اندھیرے کا کوئی نام و نشان ہی نہ رہے

ادھر ہو روشنی دیکھیں جدھر تری آنکھیں

یہ اور بات کہ اظہار ہو نہیں سکتا

نگاہ و دل میں بسی ہیں مگر تری آنکھیں

مجھے بھی تو کئی اشعار شب میں کہنے تھے

پریشاں کرتی رہیں رات بھر تری آنکھیں

تصورات میں جاری رہا سفر عدنانؔ

جدا ہوئیں نہ کسی موڑ پر تری آنکھیں

مزید غزلیں از عدنان اختر اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں