انوراگ عرش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی تو ہو جو اس کو روکنے کا معجزہ کرے (غزل)
کوئی تو ہو جو اس کو روکنے کا معجزہ کرے
یا ہو رہا ہے جو وہ کوئی خواب ہو خدا کرے
کچھ آستین تنگ تھی تو سانپ گھٹ کے مر گئے
خدا عزیز دوستوں کو مغفرت عطا کرے
مجھے تو عشق کے لیے دعا بھی ناگوار ہے
دلوں کے بیچ کیوں کوئی بھی اور فاصلہ کرے
سنا ہے اس کی تیرگی پہ نوٹ وارتے ہیں لوگ
ہمیں بھی روشنی کا کچھ معاوضہ ملا کرے
کبھی مری قسم ہی کھا کے مجھ کو کچھ یقیں دلا
مجھے بھی میری زندگی کی اہمیت لگا کرے
پتہ چلا ہے ان کی کہنیوں میں درد آ گیا
ہمارے واسطے دعا میں ہاتھ جو اٹھا کرے
بدن کی بھوک کتنی بار عشق کو نگل گئی
مگر ہوس کی آگ کا جلا کہاں بجھا کرے
بھیگے ہونٹوں کا تصور لیے سوکھے ہوئے ہونٹ (غزل)
بھیگے ہونٹوں کا تصور لیے سوکھے ہوئے ہونٹ
ہجر میں ہم لیے بیٹھے رہے ترسے ہوئے ہونٹ
بے وفائی لبوں کا سواد بدل دیتی ہے
ہم نہ چومیں گے کسی اور کے چومے ہوئے ہونٹ
روح تک ذائقے تبدیل کیے ہیں اس نے
اس پہ کیا چونکیں اسے چوم کے میٹھے ہوئے ہونٹ
کس قدر پیاس کا تڑپایا ہوا ہوگا وہ
کتنے سوکھے ہیں مصور کے بنائے ہوئے ہونٹ
چوم کر اس نے ہتھیلی سے اڑایا بوسہ
میں نے آنکھوں پہ رقم کر لیے اڑتے ہوئے ہونٹ
یہ بتاتے ہیں سمندر زمیں کا پیاسا ہے
یہ کناروں کی طرف لہر کے آتے ہوئے ہونٹ
رات اس معجزے کا سب سے حسیں چہرہ ہے
چاند ہے رات کے چہرے پہ سجائے ہوئے ہونٹ