پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آدتیہ پنت ناقد کی غزلیں — Aditya Pant Naaqid Ghazals

آدتیہ پنت ناقد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صداقت کی یہاں عزت نہیں ہے (غزل)

صداقت کی یہاں عزت نہیں ہے

وفاداری کی کچھ قیمت نہیں ہے

جہاں سے وہ گیا تھا میں وہیں ہوں

مگر جینے میں وہ لذت نہیں ہے

زباں پہ تلخیاں آنکھوں میں غصہ

مگر کردار میں خست نہیں ہے

وقار اپنا نہیں کوتاہ لیکن

ترے رتبے سی بھی قامت نہیں ہے

رہے مٹی کی خوشبو یاد ہر دم

تو سانسیں روکتی غربت نہیں ہے

جہالت میں پلی دنیا میں شاید

تعقل سے بڑی نعمت نہیں ہے

چلا چل سر اٹھا کر یار ناقدؔ

لگی اب تک کوئی تہمت نہیں ہے

دیکھیں اب کیا دل جلوں سے بول بولے جائیں گے (غزل)

دیکھیں اب کیا دل جلوں سے بول بولے جائیں گے

لاگ ہی سے پھوٹ کیا دل کے پھپھولے جائیں گے

ہے یہاں پیمانہ مال و نقد ہی لیکن وہاں

ظرف کی میزان پر ہی لوگ تولے جائیں گے

مشعل ماضی دکھا سکتی ہے مستقبل کی راہ

ہے یہ کنجی جس سے سارے قفل کھولے جائیں گے

یاد رکھنے کے لئے لمحے گزشتہ وقت کے

اب کتاب ماضی کے پنے ٹٹولے جائیں گے

توبہ توبہ کس قدر منہ سے ٹپکتی ہے شکر

اس زباں سے میٹھے میٹھے زہر گھولے جائیں گے

روح کی بوسیدگی کو دفن کرنے کے لئے

دیکھئے گا بدلے کس کس تن کے چولے جائیں گے

ہے سراہا خوب یہ پیوند کاری کا ہنر

رشتہ در رشتہ سبھی اب پیچ کھولے جائیں گے

پینگ بڑھتی جائے امرائی میں جیوں جیوں دن چڑھے

شام ہوتے تک اتارے سب ہنڈولے جائیں گے

لیجئے دیوان ناقدؔ آپ ہی کے نام ہے

ہم کہاں ان بے تکے اشعار کو لے جائیں گے

کتاب حیات کا یہ پنا (نظم)

کتاب حیات کا یہ پنا

اچھا ہوتا جو برقرار رہتا

وقت کی تیز رفتار پر

کاش میرا بھی اختیار رہتا

ایک دل کش سفینہ بن کر

گزرے وقت کا لمحہ لمحہ

آنکھوں کی گہری جھیل میں

کھائے ہچکولے رفتہ رفتہ

یہ سفینہ ساحل پا بھی لیتا

گر ہاتھ میں پتوار رہتا

یوں تو ایک لمبے عرصے تک

ساتھ رہے ہم ایک جگہ

لیکن جیسے ہی ملے کیوں

جدائی کا لمحہ آ گیا

قافلہ وقت کا یہیں تھم جائے

ہے بس یہی انتظار رہتا

مزید غزلیں از آدتیہ پنت ناقد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں