انوکرتی تبسم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب نگاہوں کے اشارے رقص کرتے ہیں (غزل)
جب نگاہوں کے اشارے رقص کرتے ہیں
تب دلوں میں بھی شرارے رقص کرتے ہیں
عاشقی میں سب بچارے رقص کرتے ہیں
عشق میں برباد سارے رقص کرتے ہیں
وصل کی اس اک گھڑی کے جشن میں اکثر
آسماں پر سب ستارے رقص کرتے ہیں
راستے سے جب بھی گزرے یار میرا تب
میرے گھر کے سب منارے رقص کرتے ہیں
ڈوبتی کشتی کبھی جب پار ہوتی ہے
ساتھ لہروں کے کنارے رقص کرتے ہیں
تجھ کو دیکھیں ہم تبسمؔ یا انہیں دیکھیں
دیکھ کر تجھ کو نظارے رقص کرتے ہیں
ہمیں بھی پیار کرنا آ گیا ہے (غزل)
ہمیں بھی پیار کرنا آ گیا ہے
کہ جینے کا سلیقہ آ گیا ہے
تمہیں آنا تھا شاید جنوری میں
دسمبر کا مہینہ آ گیا ہے
جو آمادہ ہوئے ہیں خود کشی پر
وہ کہتے تھے کہ جینا آ گیا ہے
خوشی میں جیت کی اس کو بھی دوں گی
مجھے اب ہار جانا آ گیا ہے
میں کیوں اس زخم پر مرہم لگاؤں
جب اس کا لطف لینا آ گیا ہے
تجھے خوش دیکھ کر نا خوش ہے دنیا
تبسمؔ کیا زمانا آ گیا ہے