پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انو بھو گپتا کی غزلیں — Anubhav Gupta Ghazals

انو بھو گپتا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اسے یادوں میں جب لانا مسلسل کر دیا میں نے (غزل)

اسے یادوں میں جب لانا مسلسل کر دیا میں نے

اسے وو ہچکیاں آئیں کہ پاگل کر دیا میں نے

کتابوں میں پڑھے جب ایک طرفہ پیار کے قصے

خود اپنا دل تمناؤں کا مقتل کر دیا میں نے

کئی غزلیں پڑی تھیں نامکمل ایک عرصے سے

اسے جب آج دیکھا تو مکمل کر دیا میں نے

جو سایہ ہم قدم بن کر سفر میں ساتھ رہتا تھا

ہمیشہ کے لئے خود سے الگ کل کر دیا میں نے

سنا تو خیر سے آیا ہوں اس کو داستاں اپنی

مگر ان پھول سی آنکھوں کو بوجھل کر دیا میں نے

تمہارے بال میں نے کھول کر موسم بدل ڈالا

فضا میں دور تک بادل ہی بادل کر دیا میں نے

دھواں یادوں کا ہی کافی تھا دل کمزور کرنے کو

جلا کر راکھ کل بیڑی کا بنڈل کر دیا میں نے

یہ دل ہی جانتا ہے پھر کہاں کہاں بھٹکے (غزل)

یہ دل ہی جانتا ہے پھر کہاں کہاں بھٹکے

بچھڑ کے تم سے ہم آخر کہاں کہاں بھٹکے

ہمارے پاؤں کے چھالے ہی یہ سمجھتے ہیں

کہ تیرے پیار کی خاطر کہاں کہاں بھٹکے

تمہاری چاند سی تصویر کے تصور میں

ہمیں پتا ہے مصور کہاں کہاں بھٹکے

تمہیں پتا ہی نہیں تم کو دیکھنے کے بعد

غزل کے نام سے شاعر کہاں کہاں بھٹکے

خدا ہی جانے مرے خواب بیچ دینے کے بعد

مری وفاؤں کے تاجر کہاں کہاں بھٹکے

کبھی جو گھر سے نہ نکلا ہو اس کو کیا معلوم

سفر میں کتنے مسافر کہاں کہاں بھٹکے

ملا اندھیرے میں جو کچھ خدا بنا ڈالا

خدا کو چھوڑ کے کافر کہاں کہاں بھٹکے

کہیں قرار نہ آیا کہیں سکوں نہ ملا

بچھڑ کے گھر سے مہاجر کہاں کہاں بھٹکے

مزید غزلیں از انو بھو گپتا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں