عادل منصوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عاشق تھے شہر میں جو پرانے شراب کے (غزل)
عاشق تھے شہر میں جو پرانے شراب کے
ہیں ان کے دل میں وسوسے اب احتساب کے
وہ جو تمہارے ہاتھ سے آ کر نکل گیا
ہم بھی قتیل ہیں اسی خانہ خراب کے
پھولوں کی سیج پر ذرا آرام کیا کیا
اس گلبدن پہ نقش اٹھ آئے گلاب کے
سوئے تو دل میں ایک جہاں جاگنے لگا
جاگے تو اپنی آنکھ میں جالے تھے خواب کے
بس تشنگی کی آنکھ سے دیکھا کرو انہیں
دریا رواں دواں ہیں چمکتے سراب کے
اوکاڑہ اتنی دور نہ ہوتا تو ایک دن
بھر لاتے سانس سانس میں گل آفتاب کے
کس طرح جمع کیجیے اب اپنے آپ کو
کاغذ بکھر رہے ہیں پرانی کتاب کے
بدن پر نئی فصل آنے لگی (غزل)
بدن پر نئی فصل آنے لگی
ہوا دل میں خواہش جگانے لگی
کوئی خودکشی کی طرف چل دیا
اداسی کی محنت ٹھکانے لگی
جو چپ چاپ رہتی تھی دیوار پر
وہ تصویر باتیں بنانے لگی
خیالوں کے تاریک کھنڈرات میں
خموشی غزل گنگنانے لگی
ذرا دیر بیٹھے تھے تنہائی میں
تری یاد آنکھیں دکھانے لگی
وہ چالیس راتوں سے سویا نہ تھا (نظم)
وہ چالیس راتوں سے سویا نہ تھا
وہ خوابوں کو اونٹوں پہ لادے ہوئے
رات کے ریگزاروں میں چلتا رہا
چاندنی کی چتاؤں میں جلتا رہا
میز پر
کانچ کے اک پیالے میں رکھے ہوئے
دانت ہنستے رہے
کالی عینک کے شیشوں کے پیچھے سے پھر
موتیے کی کلی سر اٹھانے لگی
آنکھ میں تیرگی مسکرانے لگی
روح کا ہاتھ
چھلنی ہوا سوئی کی نوک سے
خواہشوں کے دیے
جسم میں بجھ گئے
سبز پانی کی سیال پرچھائیاں
لمحہ لمحہ بند میں اترنے لگیں
گھر کی چھت میں جڑے
دس ستاروں کے سایوں تلے
عکس دھندلا گئے
عکس مرجھا گئے