انصر علی انصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جرم ٹھہرا حال سے آگے کا نقشہ دیکھنا (غزل)
جرم ٹھہرا حال سے آگے کا نقشہ دیکھنا
تازگی کی آس رکھنا اور سبزہ دیکھنا
آرزو کرنا چمن زاروں کی سبزہ زار کی
اور تاحد نظر صحرا ہی صحرا دیکھنا
عزم یہ رکھنا کہ گہرائی کا سینہ چیر دیں
اور اپنے آپ کو ساحل پہ تنہا دیکھنا
دھوپ کی بارش میں رہنا پیاس کی لہروں کے ساتھ
ہر سراب دشت کو تصویر دریا دیکھنا
دیکھنے والوں سے کوئی حرف منظر کیا کہے
آنکھ کی تقدیر میں لکھا ہے کیا کیا دیکھنا
یہ علامت کون سی ہے کس سے پوچھوں اے ہوا
پہلی رت میں ہر شجر پر زرد پتا دیکھنا
کون بتلائے گا انصرؔ ایسی باتوں کا جواز
چاندنی میں بادباں پر عکس دریا دیکھنا
بے ربط موسموں میں سموئے گئے تھے لوگ (غزل)
بے ربط موسموں میں سموئے گئے تھے لوگ
کیا کہیے کس لڑی میں پروئے گئے تھے لوگ
بے نام راستوں کے سفر کا سوال تھا
نفرت کی ندیوں میں ڈبوئے گئے تھے لوگ
بینائیاں سمٹ کے پلٹتی تھیں اپنی سمت
اپنی انا کے دشت میں کھوئے گئے تھے لوگ
یوں تو سفر میں چاند ستارے تھے ہم رکاب
پھر بھی عذاب شب میں پروئے گئے تھے لوگ
ٹھہرا ہوا وہ لمحہ ابھی تک خلا میں ہے
جب تیرگی کے غار میں ڈھوئے گئے تھے لوگ
ناکام ہو کے دھوپ زمیں سے پلٹ گئی
انصرؔ نہ جانے کیسے بھگوئے گئے تھے لوگ