پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عادل حیات کی غزلیں — Adil Hayat Ghazals

عادل حیات کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر اک جواب کی تہ میں سوال آئے گا (غزل)

ہر اک جواب کی تہ میں سوال آئے گا

گئے یگوں کے بتوں کا زوال آئے گا

ہنر کا عکس بھی ہو آئنہ بھی بن جاؤ

پھر اس کے بعد ہی رنگ کمال آئے گا

حریف جاں ہے اگر وہ تو پھر کہو اس سے

گئی جو جان تو دل کا سوال آئے گا

یقین ہے کہ ملے گا عروج ہم کو بھی

یقین ہے کہ ترا بھی زوال آئے گا

ابھی امید کو مایوسیوں کا رنگ نہ دے

ٹھہر ٹھہر ابھی اس کا خیال آئے گا

اسی کے شہہ پہ بجھے گا چراغ دل عادلؔ

نہاں خلوص میں جو اشتعال آئے گا

آنے والا ہے کوئی مہمان کیا (غزل)

آنے والا ہے کوئی مہمان کیا

ہو گئے سب مرحلے آسان کیا

وقت کی رفتار کیسے تھم گئی

ہو گیا ہے ہر نفس بے جان کیا

ٹوٹنا جڑنا تو ہے اک سلسلہ

ہو رہے ہو اس قدر حیران کیا

زندگی سے رشتہ اپنا توڑ کر

جا رہے ہو جب تو یہ سامان کیا

دھوپ کے سائے میں چپ سادھے ہوئے

کر رہے ہو امن کا اعلان کیا

خواہشوں کے سب پرندے اڑ گئے

ہو گئی ہے زندگی ویران کیا

سوچتا رہتا ہوں عادلؔ رات دن

میں ہی کیا ہوں اور مری پہچان کیا

پھر مرے احساس نے (نظم)

پھر مرے احساس نے

مجھ کو

اڑا کر ساتھ اپنے

یہ کہاں پر لا کے چھوڑا

اجنبی اس شہر میں

لگتا ہے جیسے

سیکڑوں افراد

میرے ہم نوا و ہم قدم ہو کر

پرائے شہر میں

میری طرح ہی

راستے کی گرد بن کر اڑ رہے ہیں

مزید غزلیں از عادل حیات ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں