پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عادل حرا کی غزلیں — Adil Hera Ghazals

عادل حرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اجڑے ہوئے دیار کا مطلب سمجھ گئے (غزل)

اجڑے ہوئے دیار کا مطلب سمجھ گئے

تم کیسے انتظار کا مطلب سمجھ گئے

جو اجنبی تھے عشق و محبت کے لفظ سے

صد شکر ہے وہ یار کا مطلب سمجھ گئے

پھر کھل کے اپنے عشق کا اظہار کر دیا

جب وہ بھی حال زار کا مطلب سمجھ گئے

حیرت میں ہوں میں دیکھ کے یہ آج دوستو

وہ کیسے دل فگار کا مطلب سمجھ گئے

تھوڑی بہت ادھر بھی ہیں کچھ بے قراریاں

جو دل کے تار تار کا مطلب سمجھ گئے

اس کو بھی میری یاد نے مجبور کر دیا

جب موسم بہار کا مطلب سمجھ گئے

نظریں جھکائے رکھنا حراؔ ان کے روبرو

وہ بھی تمہارے پیار کا مطلب سمجھ گئے

آنکھوں سے ہو رہی ہے جو برسات ہی تو ہے (غزل)

آنکھوں سے ہو رہی ہے جو برسات ہی تو ہے

مجھ پر کسی کی چشم عنایات ہی تو ہے

جو رفتہ رفتہ اترا ہے دل کے مکان میں

کوئی نہیں وہ صرف تری ذات ہی تو ہے

سب پیش آ رہے ہیں خلوص و وفا کے ساتھ

یہ زندگی کی میری بڑی بات ہی تو ہے

توڑا نہ ہم نے صبر کا دامن اسی لیے

لمبی ہے غم کی رات مگر رات ہی تو ہے

یہ جھیل یہ پہاڑ یہ جھرنے یہ آبشار

جو کچھ ہے سب خدا کی عنایات ہی تو ہے

بے اختیاری اور یہ بے تابیاں حراؔ

یہ سب محبتوں کی شروعات ہی تو ہے

مزید غزلیں از عادل حرا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں