پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انصار ایٹوی کی غزلیں — Ansar Etavi Ghazals

انصار ایٹوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لہروں نے ٹوٹی کشتی کو کمتر سمجھ لیا (غزل)

لہروں نے ٹوٹی کشتی کو کمتر سمجھ لیا

اچھا ہوا کہ کشتی نے تیور سمجھ لیا

جس دام جس نے چاہا اسی دام میں رکھا

مجھ کو کسی غریب کا زیور سمجھ لیا

آتا رہا ہوں کام مفادات کے بنا

مجھ کو سبھی نے اپنا مقدر سمجھ لیا

میں چاہتا ہوں چھٹیاں کچھ تو انہیں ملیں

ان الجھنوں نے مجھ کو تو دفتر سمجھ لیا

کچھ اس لیے بھی قافلہ لٹتا چلا گیا

اک راہزن کو اپنا ہی رہبر سمجھ لیا

جو بھی آتے ہیں وہ بس توڑ کے چل دیتے ہیں (غزل)

جو بھی آتے ہیں وہ بس توڑ کے چل دیتے ہیں

کیسے سمجھاؤں شجر کیسے یہ پھل دیتے ہیں

خوشبو ہوتی ہے تو سینے سے لگائے رکھتے

سوکھ جائیں تو یہ پھولوں کو مسل دیتے ہیں

میں نے دیکھا ہے یہاں رہتے ہوئے دنیا میں

اپنے رہبر ہی یہاں رستہ بدل دیتے ہیں

تم نے بدلے میں دیا کچھ بھی نہیں ہے اس کو

دینے والے تو محبت میں محل دیتے ہیں

کوئی کیا خاک بھروسہ ہی کرے اپنوں پر

اپنے پیروں سے ہی اپنوں کو کچل دیتے ہیں

مزید غزلیں از انصار ایٹوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں