انجم صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دماغ ان کے تجسس میں جسم گھر میں رہا (غزل)
دماغ ان کے تجسس میں جسم گھر میں رہا
میں اپنے گھر ہی میں رہتے ہوئے سفر میں رہا
وہ خاک چھاننے والوں کا درد کیا جانے
تمام عمر جو محفوظ اپنے گھر میں رہا
میں ہمکنار کبھی ہو سکا نہ منزل سے
ہمیشہ حلقۂ اخلاق راہبر میں رہا
میں جس کے واسطے بھٹکا کیا زمانے میں
وہ اشک بن کے سدا میری چشم تر میں رہا
مٹا سکا نہ عداوت زمین پر انساں
کبھی خلا میں کبھی انجمؔ و قمر میں رہا
کیا خبر تھی کہ ترے ساتھ یہ دنیا ہوگی (غزل)
کیا خبر تھی کہ ترے ساتھ یہ دنیا ہوگی
میری جانب مری تقدیر ہی تنہا ہوگی
آرزو کی یہ سزا ہے کہ زمانہ ہے خلاف
ان سے ملنے کی خدا جانے سزا کیا ہوگی
مرمریں جسم کا چرچا لب و رخسار کی بات
میری کوئی تو غزل ان کا سراپا ہوگی
اشک غم پینے میں تکلیف تو ہوتی ہے مگر
سوچتا ہوں کہ محبت تری رسوا ہوگی
نامہ بر بھی ہے طرف دار اب ان کا انجمؔ
میرے حالات کی اب ان کو خبر کیا ہوگی
مزید غزلیں از انجم صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں