پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اچیوتم یادو کی غزلیں — Achyutam Yadav Ghazals

اچیوتم یادو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ان کی قسمت سنوارتا ہوں میں (غزل)

ان کی قسمت سنوارتا ہوں میں

ایک دو لوگوں کا خدا ہوں میں

تیری یادوں کے پر کتر کے ہی

دل کے پنجرے کو کھولتا ہوں میں

فیصلے دل سے لیتا تھا سارے

ذہن کے شہر میں نیا ہوں میں

خامشی تھا زبان والوں کی

بے زبانوں کی اب سدا ہوں میں

کس نے آواز دی ہے پیچھے سے

کس کی خاطر رکا ہوا ہوں میں

غالباً سوچتا ہوں کافی کم

کچھ زیادہ ہی سوچتا ہوں میں

خود سے آگے نکل کے اے راہی

خود کو آواز دے رہا ہوں میں

بارہا کرتا ہوں حدیں میں پار

پھر کہیں پاؤں دیکھتا ہوں میں

جانے کتنوں کی ہو تمہیں منزل

جانے کتنوں کا راستا ہوں میں

بہہ گیا اس کا بھی لہو شاید (غزل)

بہہ گیا اس کا بھی لہو شاید

تھک گیا ہے مرا عدو شاید

روٹھ کر آج اپنے دلبر سے

لوٹ آیا وہ اپنے کو شاید

چاہتا تھا تجھے تباہ کروں

ہو گیا دل پذیر تو شاید

رب نے شب میں فلک کے کپڑوں پر

تاروں سے کر دیا رفو شاید

میرے دل کو مری ذہانت سے

کرنی ہے کوئی آرزو شاید

مجھ کو غمگین کرتی جاتی ہے

آج خلوت کی جستجو شاید

مزید غزلیں از اچیوتم یادو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں