پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجم ترازی کی غزلیں — Anjum Tarazi Ghazals

انجم ترازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لمحہ لمحہ اپنی زہریلی باتوں سے ڈستا تھا (غزل)

لمحہ لمحہ اپنی زہریلی باتوں سے ڈستا تھا

وہ میرا دشمن ہو کر بھی میرے گھر میں بستا تھا

باپ مرا تو بچے روٹی کے ٹکڑے کو ترس گئے

ایک تنے سے کتنی شاخوں کا جیون وابستہ تھا

افواہوں کے دھوئیں نے کوشش کی ہے کالک ملنے کی

وہ بکنے کی شے ہوتا تو ہر قیمت پر سستا تھا

اک منظر میں پیڑ تھے جن پر چند کبوتر بیٹھے تھے

اک بچے کی لاش بھی تھی جس کے کندھے پر بستا تھا

جس دن شہر جلا تھا اس دن دھوپ میں کتنی تیزی تھی

ورنہ اس بستی پر انجمؔ بادل روز برستا تھا

ہر گھر کے مکینوں نے ہی در کھولے ہوئے تھے (غزل)

ہر گھر کے مکینوں نے ہی در کھولے ہوئے تھے

سامان بندھا رکھا تھا پر کھولے ہوئے تھے

کیا کرتے جو دو چار قدم تھا لب دریا

جب حوصلے ہی رخت سفر کھولے ہوئے تھے

اک اس کے بچھڑنے کا قلق سب کو ہوا تھا

سر سبز درختوں نے بھی سر کھولے ہوئے تھے

سچائی کی خوشبو کی رمق تک نہ تھی ان میں

وہ لوگ جو بازار ہنر کھولے ہوئے تھے

پہنچا تھا حقیقت کو کوئی ایک ہی انجمؔ

آنکھیں تو کئی اہل نظر کھولے ہوئے تھے

مزید غزلیں از انجم ترازی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں