انجم سہارنپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آہ یہ ہجر کے لمحات تمہیں کیا معلوم (غزل)
آہ یہ ہجر کے لمحات تمہیں کیا معلوم
شعلہ زن ہیں مرے جذبات تمہیں کیا معلوم
تم نے ساحل سے ہی دیکھے ہیں سفینے سب کے
ڈوبنے والوں کے حالات تمہیں کیا معلوم
تم تو واقف ہی نہیں زہر کی لذت سے ابھی
کیسے کٹتی ہے مری رات تمہیں کیا معلوم
مجھ سے واقف ہو بس اتنا کہ میں ہنس دیتا ہوں
دل کی بربادی کے حالات تمہیں کیا معلوم
ان کو بیگانہ تصور نہ کرو اے انجمؔ
نیچی نظروں کی کرامات تمہیں کیا معلوم
انقلاب آ گیا دیکھیے (غزل)
انقلاب آ گیا دیکھیے
بن گئے بت خدا دیکھیے
غم کے ماروں سے کیا واسطہ
آپ بس آئنہ دیکھیے
میں نے کھائے ہمیشہ فریب
میرا ذوق وفا دیکھیے
آپ کی لاج رکھے خدا
آپ ہیں ناخدا دیکھیے
ہم سے سب بد ظن و بد گماں
ان کے سب ہم نوا دیکھیے
دل تو حاضر ہے لیکن حضور
آپ ہیں خود نما دیکھیے
شیخ جی ہے یہ شہر بتاں
پہلے آب و ہوا دیکھیے
ان کی نظریں ہیں بدلی ہوئیں
کیا دکھائے خدا دیکھیے
ظلم انجمؔ وہ کرتے رہے
میں بھی ہنستا رہا دیکھیے