پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابواللیث جاوید کی غزلیں — Abul Lais Javed Ghazals

ابواللیث جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انکار کی طلب ہے نہ اقرار کی طلب (غزل)

انکار کی طلب ہے نہ اقرار کی طلب

دل میں ہے میرے بس ترے دیدار کی طلب

ہوتی ہے جیسے صبح کو اخبار کی طلب

ہونے لگی ہے پھر کسی دل دار کی طلب

خواہش کہ ہو سکون مری زندگی کے ساتھ

صحرا میں جیسے سایۂ دیوار کی طلب

پرچھائیوں نے ساتھ نہ چھوڑا تمام عمر

شاید اسی کو کہتے ہیں سنسار کی طلب

جب مانگنے پہ آؤ تو کیا کیا نہ مانگ لو

جاویدؔ آپ کیجئے کردار کی طلب

مختصر سی یہ زندگانی ہے (غزل)

مختصر سی یہ زندگانی ہے

تیری میری ہی بس کہانی ہے

آگ دریا میں جو لگاتا ہے

وہ تری آنکھ کا ہی پانی ہے

تیری صورت کو روز پڑھتا ہوں

یہ صحیفہ تو آسمانی ہے

آسماں بھی زمیں پہ اترا ہے

دل میں جب بھی کسی نے ٹھانی ہے

دھوپ ہی دھوپ ہے مرے سر پر

دوستوں کی ہی مہربانی ہے

ہے ندی کا پہاڑ سے رشتہ

اس لئے موج میں روانی ہے

اور قصے سنائیے جاویدؔ

عشق کی داستاں پرانی ہے

میرے گاؤں میں آئی ریل (نظم)

میرے گاؤں میں آئی ریل

بچو نہیں یہ کوئی کھیل

بات ہے میرے بچپن کی

شاید انیس سو پچپن کی

میرے دل کی الجھن کی

گاؤں میں کیسے آئی ریل

میرے دادا کہتے تھے

کلکتہ جو رہتے تھے

گاؤں والے ہنستے تھے

وہاں سڑک پر چلی ریل

کلکتہ جانا تھا مشکل

ریل تو ملتی چل کر پیدل

تیس میل پر تھا جو سگنل

مشکل کو سب جاتے جھیل

بڑے لوگ جب جانا سوچتے

رات میں بیل گاڑی کو جوتتے

راستے میں جب ڈاکو روکتے

چھوڑ کے گاڑی بھاگتے بیل

آزادی نے داد مٹایا

گاؤں کو شہروں سے ملایا

امیدوں کا پھول کھلایا

سدا ہری رہے یہ بیل

دلی میں ان شن ہوئے

ریل کے تب نقشے بنے

بابو جی جب بن گئے

مرکز میں وزیر ریل

شہر سے سب کچھ ریل سے لاتے

ڈبوں کو نقصاں پہنچاتے

چوری کرتے پکڑے جاتے

جو پکڑائے جاتے جیل

مشکل دن سب کٹ جاتے ہیں

لیکن وہ دن یاد آتے ہیں

اب تو سب کالج جاتے ہیں

پکڑ کے بامبے میل

مزید غزلیں از ابواللیث جاوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں