انجم رومانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ اجنبی سے لوگ تھے کچھ اجنبی سے ہم (غزل)
کچھ اجنبی سے لوگ تھے کچھ اجنبی سے ہم
دنیا میں ہو نہ پائے شناسا کسی سے ہم
دیتے نہیں سجھائی جو دنیا کے خط و خال
آئے ہیں تیرگی میں مگر روشنی سے ہم
یاں تو ہر اک قدم پہ خلل ہے حواس کا
اے خضر باز آئے تری ہم رہی سے ہم
دیتے ہیں لوگ آج اسے شاعری کا نام
پڑھتے تھے لوح دل پہ کچھ آشفتگی سے ہم
رہتی ہے انجمؔ ایک زمانے سے گفتگو
کرتے نہیں کلام بظاہر کسی سے ہم
ہے واقعہ کچھ اور روایت کچھ اور ہے (غزل)
ہے واقعہ کچھ اور روایت کچھ اور ہے
یاروں کو یعنی ہم سے شکایت کچھ اور ہے
سمجھی گئی جو بات ہماری غلط تو کیا
یاں ترجمہ کچھ اور ہے آیت کچھ اور ہے
کچھ کم نہیں بلا سے خلافت زمیں کی بھی
یا رب مری سزا میں رعایت کچھ اور ہے؟
اے گردش زمانہ ترا دور ہو چکا؟
یا حال پر ہمارے عنایت کچھ اور ہے
کرتے ہو جو بیان تم انجمؔ بجا مگر
تاریخ جو لکھے گی حکایت کچھ اور ہے
لرزنے والے لرز رہے ہیں (نظم)
لرزنے والے لرز رہے ہیں
لرزتے جھونکے
گزرتے بل کھاتے رینگتے سرسراتے جھونکے
نسائی ملبوس کی طرح سرسرانے والے
کڑکنے والی کی چابکوں سے
اگرچہ دور رواں کے آنسو ٹپک رہے ہیں
مگر نظر جس طرف بھی اٹھتی ہے دیکھتی ہے
گزر رہے ہیں گزرنے والے
یہ کون دبکا ہوا اس آوارہ راستے میں کھڑا ہوا ہے
کہ جیسے صابن کا کوئی رنگین بلبلہ ہو
زمیں کے بچپن میں جو بھی شے تھی وہ نا شناسائے آرزو تھی
شباب آیا تو رینگنے والی رینگ اٹھی
اور آج یہ حال ہے کہ ہر شے یہ چاہتی ہے
کہ ایک طوفان بن کے گرائے راستوں میں
کہ جس طرح بہتے بہتے آواز رک کے یہ سوچنے لگی ہو
کہ جوئے صحرا بہے گی کب تک
یہ زندگی ایک جوئے صحرا ہے بہہ رہی ہے