ابوالخیر نشتر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود اپنا احتساب کیا کچھ نہیں کیا (غزل)
خود اپنا احتساب کیا کچھ نہیں کیا
ذرے کو آفتاب کیا کچھ نہیں کیا
ہونٹوں پہ تشنگی کا سمندر لیے ہوئے
صحرا کو آب آب کیا کچھ نہیں کیا
دنیا کے بے شمار خداؤں کی بھیڑ میں
تیرا ہی انتخاب کیا کچھ نہیں کیا
عزت وقار جاہ و حشم سب تمہارے نام
ہم نے جو انتساب کیا کچھ نہیں کیا
ہر گام ظلمتوں کا سفر تیز تر مگر
ظلمت سے اجتناب کیا کچھ نہیں کیا
سجدے اسی کے پاؤں کی زینت بنے رہے
وہ جرم بے حساب کیا کچھ نہیں کیا
قاتل ہمارے شہر کے زیر نقاب تھے
نشترؔ نے بے نقاب کیا کچھ نہیں کیا
آئینہ روبرو ہے شکستہ کھڑا ہوں میں (غزل)
آئینہ روبرو ہے شکستہ کھڑا ہوں میں
دنیا سمجھ رہی ہے کہ سب سے بڑا ہوں میں
صدیوں سے اک نگاہ کو آنکھیں ترس گئیں
دل کو بچھائے راہ میں کب سے کھڑا ہوں میں
لفظوں کے ہیر پھیر سے معنی بدل گیا
مفہوم زندگی پہ ابھی تک اڑا ہوں میں
کچھ اپنا غم سماج کا غم دوستوں کا غم
غم ہائے بے شمار میں تنہا کھڑا ہوں میں
ہر شخص آئنے سے یہی پوچھتا رہا
اس شہر بے لباس میں کب سے پڑا ہوں میں
نشترؔ اداس رات کی محرومیوں سے پوچھ
کیوں صبح دل نواز کے پیچھے پڑا ہوں میں