انجم خیالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شب فراق اچانک خیال آیا مجھے (غزل)
شب فراق اچانک خیال آیا مجھے
کہ میں چراغ نہ تھا اس نے کیوں جلایا مجھے
کہاں ملا میں تجھے یہ سوال بعد کا ہے
تو پہلے یاد تو کر کس جگہ گنوایا مجھے
مجھے شبہ سا ہوا اس کی بے نیازی سے
میں خود بنا ہوں خدا نے نہیں بنایا مجھے
ملا بھی مجھ کو بچھڑ کر کہیں چلا بھی گیا
اور اپنا نام بھی اس نے نہیں بتایا مجھے
مرے مزار پہ آ کر دیے جلائے گا (غزل)
مرے مزار پہ آ کر دیے جلائے گا
وہ میرے بعد مری زندگی میں آئے گا
یہاں کی بات الگ ہے جہان دیگر سے
میں کیسے آؤں گا مجھ کو اگر بلائے گا
مجھے ہنسی بھی مرے حال پر نہیں آتی
وہ خود بھی روئے گا اوروں کو بھی رلائے گا
بچھڑ کے اس کو گئے آج تیسرا دن ہے
اگر وہ آج نہ آیا تو پھر نہ آئے گا
فقیہ شہر کے بارے میری رائے تھی
گناہ گار ہے پتھر نہیں اٹھائے گا
اسی طرح در و دیوار تنگ ہوتے رہے
تو کوئی اپنے لیے گھر نہیں بنائے گا
ہمارے بعد یہ دار و رسن نہیں ہوں گے
ہمارے بعد کوئی سر نہیں اٹھائے گا