ابوالبقاء صبر سہارنپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عہد پیری میں ہوئے اپنے جو سب بال سفید (غزل)
عہد پیری میں ہوئے اپنے جو سب بال سفید
ہم یہ سمجھے کہ ہوا نامۂ اعمال سفید
زینت اس چہرۂ گل گوں کی ہوا خال سیاہ
داخل عیب ہے گر جسم پہ ہو خال سفید
آئے کس دھج سے گل اندام مرے ماتم میں
تن پہ پوشاک سیہ ہاتھ میں رومال سفید
شام سے صبح ہمیشہ ہوئی اے گیسوئے یار
ہوگا اک روز یہی دام سیہ جال سفید
خوں بہاتے ہوئے کچھ رحم نہیں آتا ہے
جسم میں اپنے لہو رکھتے ہیں قتال سفید
مہ و خورشید نے اک دن اسے دیکھا تھا کہیں
ایک کا زرد تو ہے ایک کا احوال سفید
مدعا یہ ہے مرے ملنے سے ہے صاف جواب
اس نے سادہ مجھے کاغذ کیا ارسال سفید
آتش غم نے یہ اے صبرؔ مجھے پھونکا ہے
راکھ میں اپنی ہوا ہو کے میں پامال سفید
پری تم ہو مری جاں حور تم ہو مہ لقا تم ہو (غزل)
پری تم ہو مری جاں حور تم ہو مہ لقا تم ہو
جہاں میں جتنے ہیں معشوق ان سب سے جدا تم ہو
سراپا ناز ہو لاکھوں میں یکتا دل ربا تم ہو
میں حیراں ہوں سمجھ میں کچھ نہیں آتا کہ کیا تم ہو
خدا نے اپنے ہاتھوں سے تمہیں ایسا بنایا ہے
خدا کی شان بھی کہتی ہے ہاں شان خدا تم ہو
نہ بولو کاروان زندگی اب لٹنے والا ہے
چلو اس طرح سے گویا درائے بے صدا تم ہو
تمہارا مرتبہ اللہ اکبر کیا ٹھکانا ہے
تمہیں جتنا میں سمجھا ہوں کہیں اس سے سوا تم ہو
تمہاری بے رخی کا بھی معمہ حل نہیں ہوتا
کہ عالم آشنا ہو اور پھر ناآشنا تم ہو
مبارک منعموں کو دولت دنیا ہو عالم میں
ہماری آرزو تم ہو ہمارا مدعا تم ہو
ہر اک غمزہ تمہارا عاشقوں کو ذبح کرتا ہے
کہ خوش انداز ہو خوش ناز ہو اور خوش ادا تم ہو
ہمیں دونوں سے ہے مربوط عشق و حسن کا عالم
کہ اس کی ابتدا میں ہوں اور اس کی انتہا تم ہو
تمہیں سے کشتیٔ جان حزیں آئے گی ساحل تک
محیط عشق میں اے حضرت دل ناخدا تم ہو
مے و معشوق سے کیا بات کچھ مطلب نہیں رکھتے
بتاؤ تو کہاں کے صبرؔ ایسے پارسا تم ہو