پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجم خلیق کی غزلیں — Anjum Khaleeq Ghazals

انجم خلیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بیتے ہوئے لمحات کو پہچان میں رکھنا (غزل)

بیتے ہوئے لمحات کو پہچان میں رکھنا

مرجھائے ہوئے پھول بھی گلدان میں رکھنا

کیا جانیں سفر خیر سے گزرے کہ نہ گزرے

تم گھر کا پتہ بھی مرے سامان میں رکھنا

کیا دن تھے مجھے شوق سے مہمان بلانا

اور خود کو مگر خدمت مہمان میں رکھنا

کیا وقت تھا کیا وقت ہے اس سوچ سے حاصل

چھوڑو جو ہوا کیا اسے میزان میں رکھنا

انسان کی نیت کا بھروسہ نہیں کوئی

ملتے ہو تو اس بات کو امکان میں رکھنا

پرسش ہے بہت سخت وہاں فرد عمل کی

کچھ نعت کے اشعار بھی دیوان میں رکھنا

مخلص ہو رہو ٹوکا ہے کس نے تمہیں انجمؔ

رفتار زمانہ بھی مگر دھیان میں رکھنا

یہاں جو زخم ملتے ہیں وہ سلتے ہیں یہیں میرے (غزل)

یہاں جو زخم ملتے ہیں وہ سلتے ہیں یہیں میرے

تمہارے شہر کے سب لوگ تو دشمن نہیں میرے

تلاش عہد رفتہ میں عجائب گھر بھی دیکھے ہیں

وہاں بھی سب حوالے ہیں کہیں تیرے کہیں میرے

ذرا سی میں نے ترجیحات کی ترتیب بدلی تھی

کہ آپس میں الجھ کر رہ گئے دنیا و دیں میرے

فلک حد ہے کہ سرحد ہے زمیں معدن ہے یا مدفن

مجھے بے چین ہی رکھتے ہیں یہ وہم و یقیں میرے

میں تیرے ظلم کیسے حشر تک سہتا چلا جاؤں

بس اب تو فیصلے ہوں گے یہیں تیرے یہیں میرے

اچانک کس طرح آخر یہ دنیا چھوڑ سکتا ہوں

خزانے جا بہ جا مدفون ہیں زیر زمیں میرے

تو جب میرے کئے پر ہے مرا انجام پھر انجام

یہ ماضی حال مستقبل تو ہیں زیر نگیں میرے

میں زندگی کی کڑی مسافت (نظم)

میں زندگی کی کڑی مسافت

تمہاری چاہت ملے بنا بھی مجھے یقیں ہے کہ کاٹ لوں گا

میں ایسے لوگوں کو جانتا ہوں

جنہوں نے اپنی تمام عمریں

سراب سایوں کی جستجو میں یہی سمجھ کر گزار دی ہیں

کہ چاہتوں کے یہ خواب لمحے

یہ فرقتوں کے عذاب لمحے

کبھی بنیں گے گلاب لمحے

یہ لوگ وہ ہیں کہ جن کے یادوں کے کینوس پر

وصال موسم کی ایک مبہم لکیر بھی تو نہیں بنی ہے

پہ میری یادوں کے ہاتھ میں تو

تمہاری پوروں کا لمس اب تک گلاب بن کر مہک رہا ہے

مجھے یقیں ہے

کہ جب بھی چاہوں

تمہارے بے حد حسین ہاتھوں کو تھامنے کا ہر ایک لمحہ

مرے خیالوں کے دائرے سے نکل کے مجھ کو

وصال موسم کی خوشبوؤں میں محیط کر دے

میں زندگی کی یہ سب مسافت

کڑی مسافت

تمہاری یادوں کی خوشبوؤں میں بھی کاٹ سکتا ہوں کاٹ لوں گا

مزید غزلیں از انجم خلیق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں