انجم عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی جیب تھی خالی خالی کرتے کیا (غزل)
اپنی جیب تھی خالی خالی کرتے کیا
خوش پوشی کی لاج نبھا لی کرتے کیا
کرنا تھا کچھ کام جناب عالی کو
ہم ٹھہرے رتبوں سے خالی کرتے کیا
خود کو سمجھا سب سے بڑھ کر کار گزار
تھی یہ اپنی خام خیالی کرتے کیا
تم تو سایہ دار شجر تھے بانٹتے چھاؤں
ہم ٹھہرے اک سوکھی ڈالی کرتے کیا
ذرہ ہو کر جان لیا خود کو خورشید
کرنوں سے تھا دامن خالی کرتے کیا
باہر جھوم رہا تھا موسم پھولوں کا
اندر روٹھی تھی ہریالی کرتے کیا
گھر کے اثاثوں کا مالک تھا ساہوکار
اپنے گھر کی ہم رکھوالی کرتے کیا
دھوپ چھاؤں ذہنوں کا آسرا نہیں رکھتے (غزل)
دھوپ چھاؤں ذہنوں کا آسرا نہیں رکھتے
ہم غرض کے بندوں سے واسطہ نہیں رکھتے
زعم پارسائی میں کب خیال ہے ان کو
طنز تو وہ کرتے ہیں آئنہ نہیں رکھتے
سازشیں علامت تو پست ہمتی کی ہیں
سازشیں جو کرتے ہیں حوصلہ نہیں رکھتے
وہ غرور تقویٰ میں بس یہی سمجھتے ہیں
جیسے ہے خدا ان کا ہم خدا نہیں رکھتے
تم ہوس پرستوں کے سینکڑوں خدا ٹھہرے
ایک ہے خدا اپنا دوسرا نہیں رکھتے
کس طرح منور ہو خانۂ شعور انجمؔ
ذہن کے دریچوں کو تم کھلا نہیں رکھتے