پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابومحمد سید حسین سیفی کی غزلیں — Abu Mohammad Syed Husain Saifi Ghazals

ابومحمد سید حسین سیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خدا جب تک نہ چاہے کچھ کسی سے ہو نہیں سکتا (غزل)

خدا جب تک نہ چاہے کچھ کسی سے ہو نہیں سکتا

ولی سے ہو نہیں سکتا نبی سے ہو نہیں سکتا

توجہ شرط ہے کیا آدمی سے ہو نہیں سکتا

مگر ہمت ہی کرنا کاہلی سے ہو نہیں سکتا

کروں کیوں التجا غیروں کے آگے تنگ دستی کی

بدل ڈالے مقدر یہ کسی سے ہو نہیں سکتا

اگر جاہل کا پردہ ہے تو اہل علم کی زینت

مگر نقصان اپنا خامشی سے ہو نہیں سکتا

برائی اس کی کر کے کیوں کروں میں اپنا دل ہلکا

مرا نقصان جس کی دشمنی سے ہو نہیں سکتا

پریشاں مفلسی سے آپ ہی وہ کیوں نہ ہو لیکن

فقیروں کو جھڑک دینا سکھی سے ہو نہیں سکتا

گھٹائیں یاس کی امید پر جب تک نہ چھا جائیں

کوئی بیزار اپنی زندگی سے ہو نہیں سکتا

اسی ظالم نے شاید راز میرا کر دیا افشا

پتے کی بات کہنا اجنبی سے ہو نہیں سکتا

گناہوں سے وہی ڈرتا ہے جس کو خوف خالق ہے

فریب نفس سے بچنا سبھی سے ہو نہیں سکتا

کلیجا قیس کا دل کوہ کن کا چاہئے سیفیؔ

کسی پر جان دینا ہر کسی سے ہو نہیں سکتا

اسی چیز کی کوئی عزت نہیں (غزل)

اسی چیز کی کوئی عزت نہیں

زمانے کو جس کی ضرورت نہیں

صداقت سے جس کو محبت نہیں

خدا کی قسم اس کو راحت نہیں

ہمیں سے ہے جتنی محبت ہمیں

کسی سے بھی اتنی محبت نہیں

غلامی ہی نعمت ہو جن کے لئے

تجارت میں ان کو مسرت نہیں

نئی کون سی چیز دنیا میں ہے

یہ کہئے کہ اب وہ جہالت نہیں

وہ دنیا کے جھگڑے بڑھائے گا کیا

جسے ذکر خالق سے فرصت نہیں

یہ مانا کہ ہے دشمن بد اجل

مگر اس سے بچنے کی صورت نہیں

جو پہلے تھے اب بھی وہی ہیں مرے

ہماری زباں ہی میں لذت نہیں

خدا کی ضرورت ہے سیفیؔ ہمیں

خدا کو ہماری ضرورت نہیں