ابو محمد سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر خوف ہر خطر سے گزرنا بھی سیکھئے (غزل)
ہر خوف ہر خطر سے گزرنا بھی سیکھئے
جینا ہے گر عزیز تو مرنا بھی سیکھئے
یہ کیا کہ ڈوب کر ہی ملے ساحل نجات
سیلاب خوں سے پار اترنا بھی سیکھئے
ایسا نہ ہو کہ خواب ہی رہ جائے زندگی
جو دل میں ٹھانئے اسے کرنا بھی سیکھئے
بگڑے بہت کشاکش ناز و نیاز میں
اب اس کی انجمن میں سنورنا بھی سیکھئے
ہوتا ہے پستیوں کے مقدر میں بھی عروج
اک موج تہ نشیں کا ابھرنا بھی سیکھئے
اوروں کی سرد مہری کا شکوہ بجا سحرؔ
خود اپنے دل کو پیار سے بھرنا بھی سیکھئے
کام ہر زخم نے مرہم کا کیا ہو جیسے (غزل)
کام ہر زخم نے مرہم کا کیا ہو جیسے
اب کسی سے کوئی شکوہ نہ گلا ہو جیسے
عمر بھر عشق کو غم دیدہ نہ رکھے کیوں کر
حادثہ وہ کہ ابھی کل ہی ہوا ہو جیسے
ایک مدت ہوئی دیکھا تھا جسے پہلے پہل
تیرے چہرے میں وہی چہرہ چھپا ہو جیسے
حسن کے بھید کا پا لینا نہیں ہے آساں
ہے یہ وہ راز کہ رازوں میں پلا ہو جیسے
دور تک ایک نگہ جا کے ٹھہر جاتی ہے
وقت کا فاصلہ کچھ ڈھونڈ رہا ہو جیسے
یاد ماضی سے یہ افسردہ سی رونق دل میں
آخر شب کوئی دروازہ کھلا ہو جیسے
ہزل کو لوگ سحرؔ آج غزل کہتے ہیں
ذوق شعری پہ برا وقت پڑا ہو جیسے