انجم انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بنائے سب نے اسی خاک سے دیے اپنے (غزل)
بنائے سب نے اسی خاک سے دیے اپنے
فلک سے ٹوٹ کے شمس و قمر نہیں آئے
گلی گلی ہو جہاں جنتوں کا گہوارہ
ہماری راہ میں ایسے نگر نہیں آئے
ہر ایک موڑ سے پوچھا ہے منزلوں کا پتہ
سفر تمام ہوا رہبر نہیں آئے
غموں کے بوجھ سے ٹوٹی ہے زندگی کی کمر
بدن پہ زخم کہیں چارہ گر نہیں آئے
گلوں کی آنچ نے جھلسا دیا بہاروں کو
چمن کو لوٹنے برق و شرر نہیں آئے
ہوئے ہیں سینۂ شب میں جو دفن افسانے
لب سحر پہ کبھی بھول کر نہیں آئے
چمک اٹھے ہیں تھپیڑوں کی چوٹ سے قطرے
صدف کی گود میں انجمؔ گہر نہیں آئے
پرچھائیوں کے شہر زمیں پر بسا دیئے (غزل)
پرچھائیوں کے شہر زمیں پر بسا دیئے
بدلی ہٹا کے چاند نے جنگل سجا دیئے
کتنے ہی دائروں میں بٹا مرکز خیال
اک بت کے ہم نے سیکڑوں پیکر بنا دیئے
ٹوٹے کسی طرح تو فضاؤں کا یہ جمود
آندھی رکی تو ہم نے نشیمن جلا دیئے
اب راستوں کی گرد سے اٹتے نہیں بدن
نقش قدم اسیر گل تر بنا دیئے
اک چاند کی تلاش میں گھومے نگر نگر
لوٹے تو آسماں نے ستارے بجھا دیئے
بازی تو ہم نے آج بھی ہاری نہیں حضور
نظریں بچا کے آپ نے مہرے اٹھا دیئے
ٹھہری ہوئی ہوا میں بھڑکتے نہیں چراغ
جھونکوں نے لو بڑھائی دیئے جگمگا دیئے
انجمؔ لبوں میں جذب ہوئیں تلخیاں تمام
مرجھا گئی بہار جو ہم مسکرا دیئے