پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابو لیویزہ علی کی غزلیں — Abu Leveeza Ali Ghazals

ابو لیویزہ علی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہماری آنکھ میں دو پل کی جو خماری تھی (غزل)

ہماری آنکھ میں دو پل کی جو خماری تھی

ادھاری تھی وہ تمہیں دیکھ کر اتاری تھی

ہمارے شانوں پہ دن بوجھ تھا گھرانے کا

سفر میں شام کٹی رات بے قراری تھی

خلوص نام کا پنچھی تمہارے پاس نہ تھا

دغا تھا جھوٹ تھا تم میں فریب کاری تھی

تمہارے بعد نئے خواب کی تلاش میں تھے

ہماری پلکوں پہ وہ ایک رات بھاری تھی

اتارنے میں مری عمر صرف ہو گئی ہے

وہ دل لگی کی جو چھوٹی سی اک ادھاری تھی

ہماری جان گھلی جا رہی تھی کیا یوں ہی

بدن میں جاری وہی رسم جاں نثاری تھی

نین ہیں یہ شراب اف توبہ (غزل)

نین ہیں یہ شراب اف توبہ

نیم رخ پر حجاب اف توبہ

سرمئی یہ نگاہ ہے قاتل

ضرب کاری عذاب اف توبہ

جام کے اک طرف ہیں میرے ہونٹ

اک طرف وہ گلاب اف توبہ

مرتعش دل ہوا ہے پھر ساکت

حلق خشک دل خراب اف توبہ

عشق میں اک فقیر پاگل دل

حسن کا وہ نواب اف توبہ

ہیں وہ آنکھیں سوال نامہ اب

بس مرا اک جواب اف توبہ

مزید غزلیں از ابو لیویزہ علی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں